کراچی (اعجاز احمد/ اسٹاف رپورٹر )بی آر ٹی، ریڈ لائن تکمیل سے قبل ہی ایک شخص کی جان لے گئی، مگر اس منصوبے کی تکمیل کے آثار دور، دور تک نظر نہیں آرہے۔ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ مکمل ہونے میں مزید ایک سے 2سال کا عرصہ درکار ہوگا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو گلشن اقبال، مسجد بیت المکرم کے قریب یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی، ریڈ لائن منصوبے میں زیر تعمیر ’’یوٹرن برج ‘‘ کا ڈھانچہ زمیں بوس ہوگیا ، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، اس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ نشے کا عادی تھا ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے ریسکیو 1122 ، چھیپا اور ایدھی ایمبولینسز ، پولیس اور رینجرز وغیرہ موقع پر پہنچ گئے ، ریسکیو ٹیم نے گرے ہوئے پل کے ڈھانچے کے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال کر جناح اسپتال منتقل کی، جب کہ ملبے کو اچھی طرح ہٹاکر دیکھا گیا،لیکن مزید کسی شخص کے دب کر زخمی یا ہلاک ہونے کے شواہد نہیں ملے ۔