• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو نئی معیشت کیلئے تیار کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، وزیر خزانہ

تصویر، سوشل میڈیا
تصویر، سوشل میڈیا

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو نئی معیشت کے لیے تیار کرنا بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات، پاک برطانیہ تجارت و سرمایہ کاری تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کےلیے برطانیہ کی مسلسل معاونت کو سراہا اور برطانوی ہائی کمشنر کو حکومت کی 6 اہم معاشی ترجیحات سے آگاہی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی استحکام سے پائیدار، جامع، ذمہ دارانہ ترقی کی جانب پیشرفت کرچکا ہے، پیداواریت، سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار پر توجہ بڑھائی جا رہی ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ معاشی استحکام مستقل بنیادوں پر قائم کرنا اور پائیدار،جامع ترقی ترجیحات ہیں، پاکستان کو نئی معیشت کے لیے تیار کرنا بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

دوران ملاقات برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی معاشی تبدیلی کے عمل میں تکنیکی معاونت جاری رکھنے میں دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ یورو بانڈ کا اجرا سرمایہ کاروں کے اعتماد اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی سے متعلق اہم ہے۔

اس موقع پر مالیاتی انتظام، ٹیکس نظام، ڈیجیٹل نظام کے فروغ اور اخراجات میں بہتری، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، سرکاری سرمایہ کاری، سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری پر بھی گفتگو ہوئی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب اور جین میریٹ نے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ قابل پیشگوئی ماحول پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا جبکہ سرمایہ کاروں کےلیے سہولت کاری اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دوران نجی سرمایے کو متحرک کرنے میں سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے کردار، معاشی استحکام، سرمایہ منڈیوں اور جاری نجکاری کے عمل میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید