پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو لانگ مارچ ملتوی یا منسوخ نہیں بالکل ختم کرنا ہوگا، اسے غیرمشروط طور پر لانگ مارچ ختم کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں حکومت و اپوزیشن ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے تشدد بڑھتا ہے، کم نہیں ہوتا۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال ہے۔ فتنہ الخوارج اور دیگر کے حملوں میں ہمارے لوگ شہید ہو رہے ہیں۔ ہمارے فوجی شہید ہو رہے ہیں، پولیس والے شہید ہو رہے ہیں۔ فرد واحد کےلیے ہم کبھی بھی لانگ مارچ نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات پر ابھی کوئی بات نہیں کرسکتی۔ ہم نے ایک دوسرے کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچانی۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ابھی جو بات ہو رہی ہے اس کو وقت دینا ہوگا۔ ہماری کوشش ہوگی کل مذاکرات مکمل ہوجائیں اور کسی نتیجے پر پہنچیں۔