وزیراعظم کی زیر صدارت ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ اور ریگولیٹری نظام کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں، کاروباری برادری کو سہولت کی فراہمی اور غیر ضروری ضابطہ کاری کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ڈریپ میں اصلاحات کرکے اسے جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، اسی طرز پر دیگر ریگولیٹری اداروں میں بھی اصلاحات لائی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا ریگولیٹری رجسٹری تشکیل دی جائے تاکہ تمام ریگولیٹری تقاضوں اور قواعد وضوابط کو مرتب کیا جاسکے، کاروبار میں آسانی کیلئے آسان کاروبار ایکٹ کو ملک بھر میں نافذ کیا جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ریگولیٹری اصلاحات کے اثرات اور افادیت کا جائزہ لینے کیلیے ان کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کرائی جائے، کاروبار میں آسانی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سازگار اور سہل کاروباری ماحول کے بغیر ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری کے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے، ایس آئی ایف سی کی جانب سے کی گئی ریگولیٹری اصلاحات کو موثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا وفد تمام صوبوں کا دورہ کرے اور صوبائی حکومتوں کو ریگولیٹری اصلاحات پر اعتماد میں لے، مشیر صنعت ہارون اختر صوبوں کے دوروں کیلئے وفد کی قیادت کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہارون اختر ریگولیٹری اصلاحات کیلئے صوبائی حکومتوں کیساتھ موثر رابطہ کاری یقینی بنائیں، تمام وزارتیں اور ڈویژنز کابینہ کی جانب سے منظور شدہ اصلاحات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنائیں۔