سرکاری افسران اور ان کے اہلخانہ کی دہری شہریت کے معاملے میں وفاقی حکومت نے ڈکلیئریشن جمع نہ کروانے والے افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں پی اے ایس، پی ایس پی، ایس جی اور او ایم جی افسران کو ایک ہفتے میں ڈکلیئریشن جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی شہریت، سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی کی تفصیلات دینا ہوں گی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔ ایک ہفتے میں ڈکلیئریشن جمع نہ کروانے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
مراسلے کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی پر سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز کے تحت کارروائی ہوگی۔
چیف سیکریٹریز اور صوبائی پولیس افسران کو بھی ہدایات پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
غیرملکی شہریت سے متعلق ڈکلیئریشن جمع کروانے کے لیے سرکاری افسران کو 90 دن کی مہلت مقرر کی گئی ہے۔ ڈکلیئریشن جمع نہ کروانے یا غلط معلومات دینے کو مس کنڈکٹ قرار دیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق افسران نے غیرملکی شہریت رولز کے تحت اپنی غیرملکی شہریت ظاہر کرنا تھی۔