پشاور کے پوش علاقہ حیات آباد میں قائم نجی یونیورسٹی میں طلباء کے احتجاج کے دوران 3 سیکیورٹی گارڈز نے ہوائی فائرنگ کی، پولیس نے یونیورسٹی کے گارڈز کو حراست میں لے لیا۔
پشاور کی ایک نجی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں بجلی، ناقص کھانا اور نیٹ نہ ہونے کے باعث طلباء نے احتجاج کیا۔ طلبا کے مطابق مسائل کے حوالے سے فیض اللہ نامی طالبعلم نے وارڈن کو شکایت کی۔ وارڈن نے طالب علم کو گالیاں دیں اور جامعہ سے نکالنے کا نوٹس دیا۔
رجسٹرار اور وی سی کے سامنے مطالبات رکھے تاہم مذاکرات کے دوران مسائل سننے کے بجائے گالیاں دی گئیں، طلبا کے مطابق احتجاج کے دوران رجسٹرار کے کہنے پر ہم پر فائرنگ کی گئی۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق یونیورسٹی کے گارڈز کو حراست میں لے کر سیکیورٹی گارڈز کا اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈز کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے جبکہ طلبا کے مسائل حل کرنے کے لیے کمیٹی بھیِ تشکیل دے دی گئی ہے۔
دو دن بعد طلبا اپنے مطالبات تحریری طور پر جامعہ انتظامیہ کو دیں گے جس کے بعد جامعہ کی انتظامیہ تمام مطالبات کو جائزہ لینے کے بعد یونیورسٹی مالکان کو ارسال کریں گے۔