کراچی (مطلوب حسین) سٹی کورٹ کراچی میں شہری کو مبینہ طور پر نوکری کا جھانسہ دے کر موبائل فون، نقدی اور دیگر سامان سے محروم کرنے کے واقعے پر پولیس کو جمع کرائی گئی درخواست کو 10روز گزر جانے کے باوجود تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا ۔درخواست گزار بلال صدیقی خانزادہ کے مطابق ایک شخص نے سٹی کورٹ کے ریکارڈ روم میں نوکری کا جھانسہ دیکر اسے سٹی کورٹ بلانے کے بعد دھوکا دہی کے ذریعے اس سے موبائل فون، نقد رقم اور دیگر سامان حاصل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔25 ستمبر 2026 کو تھانہ سٹی کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ سٹی کورٹ کی حدود میں دن کے وقت پیش آیا، متاثرہ شہری نے پولیس کو واقعے کی تفصیلات، مبینہ ملزم کا موبائل نمبرسے متعلق معلومات اور دیگر شواہد فراہم کرتے ہوئے کارروائی کی درخواست کی ہے۔ درخواست گزار نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے مبینہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔