• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہوائی روزی (ایک فضائی میزبان کی آپ بیتی)

مصنف: خاور جمال

صفحات : 248 ، قیمت: 1500

ناشر: بُک کارنر، جہلم، پاکستان۔

زیرِنظر کتاب کے مصنّف کا بنیادی تعلق پشاور سے ہے، تعلیمی مراحل ملتان میں طے کیے۔ دورانِ تعلیم واحد شوق ’’فلم بینی‘‘ تھا۔ اسی شوق کی وجہ سے منظر اور اُس کے جزئیات سے آگاہی ہوئی۔ 2005ء میں ایم بی اے کرنےکےدوران قومی ایئرلائن، پی آئی اے کے لیے بطور فضائی میزبان انتخاب عمل میں آیا۔ تربیت کے سخت مراحل سے گزرنے کے بعد اسلام آباد اُن کا پہلا مستقر تھا اور آسمان منزل، 2012ء میں نوکری کےساتھ ساتھ دوبارہ ایم بی اے کروایا گیا۔

اچھا وقت تھا، 2006ء میں ٹرانسفر کے بعد شہر لاہور ہوائی روزی کا اڈا ٹھہرا، جہاں 14 برس قیام رہا۔ 25،30ممالک کے اسفارکیے۔ اور پھر2016ء میں اپنے بڑے بھائی حسنین جمال اور ممتازصحافی وجاہت مسعود کے کہنے پر ویب سائٹ ’’ہم سب‘‘ کے لیے فضائی میزبانی سے متعلق تجربات پر لکھنا شروع کیا۔

وہ حکایت ایسی درازہوئی کہ 2022ء میں ایک معاصر ویب سائٹ پر سلسلےوار آپ بیتی کی شکل میں پوسٹ ہونا شروع ہوگئی۔ اور پھر پسندیدگی کی بےتحاشا اسناد ملیں، تو زیرِنظرکتاب کی صُورت اختیار کر گئی۔ یہ کتاب آپ کو بتائے گی کہ فضائی میزبان کون ہوتے ہیں، کیوں ضروری ہیں، اور وہ کیا کیا اورکیوں کرتے ہیں۔

پاکستان میں غالباً اس موضوع پر پہلے کوئی کتاب نہیں لکھی گئی، تو اس کے ذریعے جہاں خاور جمال آپ کو فضائی میزبانوں سے متعارف کروائیں گے، وہیں طنزو مزاح کے پیرائے میں ہوائی سفر کے طریقے اور باریکیاں سمجھانے کے ساتھ دنیا کے مختلف شہروں کی سیر بھی کروائیں گے۔ کتاب کے حوالے سے گل نوخیزاختر، یاسر پیرزادہ اور عارف وقار نے جن تاثرات کا اظہار کیا ہے، اُن سے بھی کتاب کی اہمیت و افادیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید