غیرملکی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کے مقدمے کی انسداد دہشتگردی عدالت کراچی میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے کیس سے انسداد دہشتگردی کی دفعات خارج کردیں اور مقدمہ سیشن عدالت کو ارسال کرنے کا حکم دے دیا۔
اس موقع پر وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے تین فلاحی اداروں کے خلاف دہشتگردی کے لیے فنڈنگ کا مقدمہ درج کیا تھا، فلاحی اداروں کے خلاف بیرون ملک سے ترسیلات وصول کرنے، جعلی آڈٹ اور بے نامی بینک اکاونٹس کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔
عدالت نے کہا کہ عبوری چالان میں دہشتگردی کی فنڈنگ کے الزامات کو ثابت شدہ حقائق کے بجائے شک اور امکان کے طور پر پیش کیا گیا۔
عدالت نے مزید کہا کہ ریکارڈ پر ایسا مواد موجود نہیں جو رقم کو دہشتگردی یا کالعدم تنظیم سے جوڑے، محض مالی فراڈ یا رقم کی بڑی مالیت کی بنیاد پر انسداد دہشتگردی دفعات شامل کرنے سے خصوصی دائرہ اختیار قائم نہیں ہوتا۔
عدالت نے کہا کہ تفتیش میں دہشتگردی کی فنڈنگ سے متعلق مواد ملنے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکتی ہے، مقدمے کے دیگر الزامات سیشن عدالت میں قابل سماعت ہیں۔