• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغیر شرائط کے آئیے مل کر بات کرتے ہیں، راجا ناصر عباس کا وزیراعظم کی پیشکش پر جواب

اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ایسا بھی نہیں کہ کوئی بہت بڑا سیلاب آگیا ہے کہ اسے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش پر جیو نیوز سے گفتگو میں علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ بغیر شرائط کے آئیے مل کر بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تقاریر میں مذاکرات کی باتیں کرنے کی بجائے محمود خان اچکزئی کو کال کر لیں، رابطہ کریں اور بات کرلیں۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ اس مذاکراتی عمل میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم کو خود شریک ہونا چاہیے، یہ حکومت کے اتحادی ہیں یہ تمام اہم لوگ ہیں ان کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ ایسا بھی نہیں ہے کہ کوئی بہت بڑا سیلاب آگیا کہ اسے کنٹرول نہیں کیا جا سکتا، یہ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں جو احتجاج میں شریک ہیں۔

راجا ناصر عباس نے یہ بھی کہا کہ لانگ مارچ میں پاکستان کے نوجوان اور اس کا مستقبل ہیں، آپ ان سے کیوں خوفزدہ ہیں؟ احتجاج کرنا سوال اٹھانا پریس کانفرنس کرنا یہ زندگی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ جو بیرون ملک مذاکرات اور بات چیت کروا رہے ہیں، یہاں بھی یہی کریں، وزیراعظم واقعتاً سنجیدہ ہیں تو انہیں رابطہ کرنا چاہیے۔

اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے کہا کہ بیرون ملک مذاکرات کی کوششوں کا 10 فیصد بھی پاکستان میں کریں تو مسائل حل ہو جائیں۔

قومی خبریں سے مزید