کراچی (ذیشان صدیقی،اسٹاف رپورٹر ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور حکومت سندھ کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہونے والے تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ، چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ اور صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالقفار علی شاہ نے فیسٹیول کے پروگرام، عالمی وملکی فنکاروں کی شرکت، انتظامی سرگرمیوں اور انتظامات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی۔ صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول اب پاکستان کی ثقافتی شناخت کا اہم حوالہ بن چکا ہے، پہلے فیسٹیول میں 43 ممالک شریک ہوئے، دوسرے میں 144 ممالک سے فنکار آئے جبکہ اس سال تقریبا 150 ممالک کے فنکار فیسٹیول کا حصہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد فنکار کراچی آرہے ہیں، جبکہ پاکستان کے 500 سے زائد فنکار بھی مختلف پروگراموں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔