• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بحرین کا تجارتی حجم 1 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ہدف مقرر

---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

 نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین نے تجارت کا حجم 1 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس 5 سال کے وقفے کے بعد اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس سے خطاب میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے سفارتی تعلقات کے قیام کو 55 سال مکمل ہو چکے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئندہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس ایک سال کے اندر منعقد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 

اسحاق ڈار نے بحرین کے ولی عہد کے دورۂ پاکستان کا بھی خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے دورے کا منتظر ہے۔

نائب وزیرِ اعظم نے بحرین میں اسلام آباد یونیورسٹی آف نرسنگ اور متعلقہ طبی علوم کے اسپتال کے افتتاح پر بحرینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور بحرین کے تمام مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس مکمل ہو چکے، جن میں مفید اور نتیجہ خیز گفتگو ہوئی۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان اور بحرین نے باہمی تجارت کا حجم 1 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور تجارت میں اضافے کے لیے 3 سالہ منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے اور القدس کی حقیقی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کرتا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بحرین کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے بتایا کہ تجارت اور توانائی کے معاملات پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

 انہوں نے خلیجی تعاون کونسل اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر بھی اتفاقِ رائے کا ذکر کیا۔

بحرینی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بحرین موجودہ جنگ کے دوران پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے، پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے دوران مثبت کردار ادا کیا۔

 انہوں نے سعودی عرب میں ہونے والے حملوں کی مذمت بھی کی۔

تجارتی خبریں سے مزید