• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ کی امریکا جانے کے فراڈ نے جان لی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

اسلام آباد کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ نے امریکا جانے کے فراڈ کے باعث خودکشی کر لی۔

اسلام آباد میں سڑک کنارے پھندا لگی طالبہ کی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہ ہو سکا، نہ ہی کوئی گرفتاری ہو سکی، کیس کی مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، والدین نے مقدمہ درج کرنے کی درخواست نہیں دی، واقعہ سنگین نوعیت کا ہے، ورثاء کی درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

واقعے سے متعلق اہلِ خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ لائبہ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے بی ایس کی ڈگری گولڈ میڈل کے ساتھ حاصل کی تھی اور وہ مزید تعلیم کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہتی تھی۔

اہلِخانہ کے مطابق ایک کنسلٹنٹ نے لائبہ کو امریکی یونیورسٹی میں داخلہ دلوانے کے لیے 70 لاکھ روپے طلب کیے تھے، کرائے کے فلیٹ میں رہائش پذیر لائبہ کے والد موٹر سائیکل پر دودھ فروخت کر کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات پورے کرتے تھے۔

اہلِخانہ کا کہنا ہے کہ والد نے پلاٹ فروخت کر کے 21 لاکھ روپے نقد ایجنٹ کو ادا کیے، جبکہ باقی رقم کا بندوبست کرنے کے لیے لائبہ کی والدہ کے زیورات بھی بینک میں رکھوائے گئے۔

اہلِ خانہ کے مطابق جب لائبہ نے یونیورسٹی میں داخلے کے لیے تیار کردہ دستاویزات کی تصدیق کروائی تو وہ جعلی نکلیں۔

لائبہ کے ماموں کے مطابق مرحومہ نے اپنے آخری پیغام میں کہا تھا کہ اس فراڈ کے بارے میں والد کو نہ بتایا جائے، کیونکہ یہ صدمہ وہ برداشت نہیں کر سکیں گے۔

قومی خبریں سے مزید