کراچی (رپورٹ /اعجاز احمد) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) کی جانب سے شناختی دستاویزات کی تیاری کا عمل مختلف زمروں کے تحت مکمل کیا جاتا ہے اور ہر قسم کی دستاویز فراہم کرنے کا وقت بھی مختلف ہے، تمام شناختی دستاویزات کی میعاد مقرر ہے اور یہ بھی طے شدہ ہے کہ یہ دستاویزات کون بنوا سکتا ہے ! نیز ہر دستاویز کی فیس بھی الگ الگ مقرر ہے۔ شناختی دستاویزات سے متعلق نادرا کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق پاکستان میں مقیم اور پاکستانی شہریت کے حامل والدین یا قانونی سرپرست اپنے بچوں کے ’’ب‘‘ فارم اور ’ جووینائل فارم ان کی پیدائش کے فوری بعد حاصل کرسکتے ہیں، پہلی مرتبہ ب فارم یا جووینائل کارڈ کی میعاد بچے کی پیدائش کے وقت سے اس کی عمر 3سال ہونے تک رہتی ہے، دوسرے ب فارم یا جووینائل کارڈ کی میعاد بچے کی عمر 10برس ہونے تک اور تیسرے ب فارم یا جووینائل کارڈ کی میعاد بچے کی عمر 18سال ہونے تک رہتی ہے، نادرا کی جانب سے نارمل مدت میں ب فارم 7دن اور ایگزیکٹو درجے میں ایک روز میں فراہم کیا جاتا ہے۔ نادرا کی طرف سے نارمل مدت میں جووینائل کارڈ 31دن، ارجنٹ 23روز اور ایگزیکٹو درجے میں 9دن میں فراہم کیا جاتا ہے۔’’قومی شناختی کارڈ (این آئی سی)‘‘ 18سال یا اس سے زائد عمر کے افراد حاصل کرسکتے ہیں، 18سے 60برس تک عمرکے افراد کے شناختی کارڈ کی میعاد 10سال مقررہے اور60سال سے زیادہ عمر کے افراد کے شناختی کارڈ تاحیات کارآمد رہیں گے، نادرا کی جانب سے نارمل مدت میں شناختی کارڈ 15دن، ارجنٹ 12روز اور ایگزیکٹو درجے میں 6دن میں فراہم کیا جاتا ہے۔’’ اسمارٹ شناختی کارڈ‘‘ بھی18برس یا اس سے زائد عمر کے افراد بنواسکتے ہیں ، 18 سے 60سال تک عمرکے افراد کے اسمارٹ شناختی کارڈ کی میعاد 10برس مقررہے اور60سال سے زیادہ عمر کے افراد کے اسمارٹ شناختی کارڈ تاحیات کارآمد رہیں گے، نادرا کی جانب سے نارمل مدت میں اسمارٹ شناختی کارڈ 31دن، ارجنٹ 23روز اور ایگزیکٹو درجے میں 9دن میں فراہم کیا جاتا ہے۔ پاکستانی شہری جو بیرون ملک مقیم ہوں یا جارہے ہوں وہ ’’نائیکوپ‘‘ حاصل کرسکتے ہیں، نائیکوپ کی میعاد 10سال مقرر ہے، نادرا کی طرف سے نارمل مدت میں نائیکوپ 31دن، ارجنٹ 23روز اور ایگزیکٹو درجے میں 9دن میں فراہم کیا جاتا ہے۔’’ پی او سی‘‘ پاکستانی شہری کے غیرملکی شریک حیات یا پاکستانی نژاد غیر ملکی شہری یا ان کے غیر ملکی شریک حیات بنواسکتے ہیں، پی او سی کی میعاد 5تا7برس رہتی ہے، نادرا کی جانب سے نارمل مدت میں پی او سی 31دن، ارجنٹ 23روز اور ایگزیکٹو درجے میں 9دن میں فراہم کیا جاتا ہے۔’’فیملی رجسٹریشن سر ٹیفیکیٹ (ایف آر سی)‘‘ 18سال یا اس سےزائد عمر کے متعلقہ خان دان کے کسی بھی درخواست گزار کو فوری یا 24گھنٹے کے اندر غیر معینہ مدت کے لیے فراہم کیا جاتا ہے۔ جب کہ کسی پاکستانی شہری کی وفات کی صورت میں مرحوم کا شناختی کارڈ متوفی کے خون کے رشتے دار کی درخواست پر 2دن میں منسوخ کردیا جاتا ہے۔