• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نانا پاٹیکر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، موت کی وجہ کیا تھی؟

معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں گوا میں اپنی رہائش گاہ پر  8 اکتوبر کو دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق گوا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق نانا پاٹیکر کی موت دل کی شریان میں خون کا لوتھڑا پھنسنے کے باعث ہوئی، جس سے دل کو خون کی فراہمی متاثر ہوئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق اداکار کی دیکھ بھال کرنے والے شخص نے طبیعت خراب ہونے پر ایمبولینس طلب کی تھی، جس کے بعد ایمبولینس ان کی رہائش گاہ بھیجی گئی۔

ڈاکٹرز نے نانا پاٹیکر کو 45 منٹ تک سی پی آر بھی دیا، تاہم انہیں بچایا نہ جاسکا اور صبح 5 بج کر 10 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔

نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار والد کی میت لینے گوا پہنچے۔ میت پہلے پونے لے جائی گئی، جس کے بعد اسے ڈونجے گاؤں میں واقع ان کے فارم ہاؤس منتقل کیا گیا، جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔

آخری رسومات میں مہاراشٹر کی نائب وزیراعلیٰ سنیترا پوار، مرکزی وزرا رام داس اٹھاولے اور مرلی دھر موہول، اداکار جیکی شروف اور بالی وڈ سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

نانا پاٹیکر نے ہندی اور مراٹھی سنیما میں چار دہائیوں سے زائد عرصے تک کام کیا۔ وہ اداکار ہونے کے ساتھ مصنف اور ہدایت کار بھی تھے۔ انہیں فلمی دنیا اور فنون کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں 2013 میں بھارت کے چوتھے بڑے شہری اعزاز پدم شری سے نوازا گیا تھا۔

انہوں نے 1978 میں مظفر علی کی فلم ’گامن‘ سے ہندی فلموں میں قدم رکھا۔ بعد ازاں فلم ’پراہار: دی فائنل اٹیک‘ سے ہدایت کاری کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے فوجی افسر کا کردار بھی ادا کیا۔

نانا پاٹیکر آخری بار 2026 میں ریلیز ہونے والی فلم ’صوبیدار‘ میں مختصر کردار میں نظر آئے، جس میں انیل کپور اور رادھیکا مدن نے بھی اہم کردار ادا کیے۔ یہ فلم پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید