شاعر: رفیع الدین راز
صفحات: 224 ، ہدیہ: 1600
ناشر: رنگ ِادب پبلی کیشنز، آفس نمبر5، کتاب مارکیٹ، اردو بازار، کراچی
فون نمبر: 2054154 - 0300
رفیع الدین راز کا شمار سینئر شعراء میں ہوتا ہے۔ پیرانہ سالی کے باوجود اِن کا ادبی سفر پوری آب وتاب سے جاری ہے۔ وہ کم و بیش40 کتابوں کے خالق ہیں۔ ان کے فن اورشخصیت کے حوالے سے بھی کئی کتابیں منظرِعام پر آچُکی ہیں، جو ان کی حمد و نعت گوئی، غزلوں، نظموں، رباعیات اور انشائیوں سے متعلق ہیں۔ اِن کا ایک شعری مجموعہ ’’بربساطِ غالب‘‘ کے نام سے بھی منظرِ عام پر آیا، جس میں مرزا غالب کی زمینوں میں ان کی دو سو غزلیں شامل ہیں۔
یہ ان کا بہت اہم ادبی کارنامہ ہے اور اب زیرِنظر کتاب ان کا دوسرا بڑا کارنامہ ہے، جس میں میرتقی میر کی زمینوں میں ان کی ایک سو نعتیں شامل ہیں۔ اس سے بھی ان کی وسعتِ نظر، علمی بصیرت اور زود گوئی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔بقول عبدالصمد نورسہارن پوری ’’رفیع الدین راز کا منصوبہ، ’’سوزمینیں، سونعتیں‘‘ محض عددی اہتمام نہیں، بلکہ ایک شعوری، فکری اور فنی عزم کی علامت ہے۔
ایک سو زمینوں کا انتخاب اس لیے بھی اہم ہے کہ ہر زمین، اپنے ساتھ ایک مخصوص بحری آہنگ، لفظی فضا اور معنوی مزاج لے کر آتی ہے۔ یہ مکالمہ اس منصوبے کو محض فنی تجربہ نہیں رہنے دیتا، بلکہ اسے ایک ادبی وروحانی جہت عطا کرتا ہے۔‘‘ کتاب کاپیش لفظ، ڈاکٹر نور سہارن پوری نے لکھا ہے، جب کہ فلیپ پر شاعر علی شاعر کی رائے موجود ہے۔