ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے بارے میں حیرت انگیز پیشگوئی کر دی۔
جیف بیزوس نے امریکی میڈیا کو دیے انٹرویو میں بتایا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے لوگ چند گھنٹے کام کر کے بھی بہترین زندگی گزار سکیں گے اور گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے میاں بیوی دونوں کو کام کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جب معیشت زیادہ مؤثر ہو جائے گی تو کچھ افراد ہفتے میں صرف 3 دن کام کر کے بھی اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں گے جبکہ لوگ اپنی مرضی سے کام کے اوقات کم کرنے یا ملازمت چھوڑنے کا انتخاب بھی کرسکیں گے اور ایسی صورتِ حال میں کمپنیوں کے لیے ملازمین بھرتی کرنا مشکل ہوسکتا ہے، کیونکہ زیادہ لوگوں کو اضافی ملازمت کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
جیف بیزوس نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے باعث کاروباری ادارے کم وسائل کے باوجود بھی زیادہ سامان تیار کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں اے آئی ٹیکنالوجی کو ملازمتوں کے لیے خطرہ تصور نہیں کرتا بلکہ میرے خیال میں اس ٹیکنالوجی کی بدولت معیار زندگی بہتر ہو گا جبکہ کام بھی کم کرنا پڑے گا۔
جیف بیزوز نے مزید کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے بیروزگاری بڑھنے کی بجائے کمپنیوں کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہو گا کیونکہ لوگ اپنی مرضی سے کم کام کرنے کو ترجیح دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ضروری نہیں کہ ہفتے میں محض 3 دن کام کرنے کی پیشگوئی جلد پوری ہو جائے بلکہ اس کا انحصار معاوضے، کام کے دورانیے اور گھریلو آمدنی پر ہو گا۔