• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی پر حکومت گہری نظر رکھے ہوئے ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی کے معاملے پر حکومت گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز سے گفتگو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شرح نمو رواں برس 4 فیصد سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 5 سے 6 اداروں کی نجکاری آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے 1 ارب ڈالر سے زائد رقم حاصل ہونے کی توقع ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے معاملے پر حکومت گہری نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ اس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ آگے بڑھانے کے ساتھ چاہتی ہے کہ ملک کی قیادت نجی شعبہ کرے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ہم نجی شعبے کی ترقی میں سازگار ماحول، مدد اور ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں اور نجی شعبے کی مدد اور معاونت کرنے والے تمام متعلقہ فریقوں سے بات چیت بھی جاری رکھیں گے۔

اس سے قبل بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں سینیٹر محمد اورنگزیب نے رواں مالی سال بیرون مالیاتی ضروریات کےلیے دستیاب وسائل کو کافی قرار دے دیا اور مزید قرض نہ لینے کا کہا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی سوچ امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقل ہورہی ہے، رواں مالی سال عالمی سرمایہ منڈیوں سے قرض لینے میں جلد بازی نہیں کریں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اپنے مجموعی بیرونی قرضے کی سطح برقرار رکھنا چاہتا ہے، بعض مختصر مدت کے بیرونی قرضوں کو طویل معیاد کے قرضوں میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث عالمی منڈیوں میں مزیدبانڈز جاری کرنے کا بھی اشارہ دیا۔

قومی خبریں سے مزید