برازیل کے اعلیٰ سطح کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں وفد نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق برازیل افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ کی قیادت میں وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جی ایچ کیو آمد پر برازیل کے وفد کو مسلح افواج کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنرپیش کیا۔
فریقین نے پاکستان اوربرازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ فریقین نے عسکری سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایڈمرل ریناٹو نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا، انہوں نے علاقائی امن و استحکام کےلیے پاک مسلح افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔