کراچی پولیس نے چال باز میاں بیوی کی چالیں اُلٹ دیں، ملزمہ اور اُس کے شوہر کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔
ملزمہ ڈاکٹر انعم اور اس کے شوہر رضوان آرائیں نے ایک شہری کو ’ہنی ٹریپ‘ کے ذریعے قیمتی گاڑی سے محروم کیا اور پولیس کو بھی چکر دینے کی کوشش کی مگر پولیس نے چند گھنٹوں ہی میں گاڑی برآمد کرکے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس کالا پل کے قریب نجی اسپتال کے باہر سے گاڑی چھیننے اور 14 تولے سونے کے زیورات لوٹنے کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمہ ڈاکٹر انعم عروج اور اس کے شوہر رضوان آرائیں نے واردات منصوبہ بندی کے تحت کی۔
ملزمہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک شہری کو اپنے جال میں پھانسا، پھر اسے ’ڈیٹ‘ پر بلایا، جو اپنی قیمتی گاڑی بھی ساتھ لایا۔
راستے میں ملزمہ نے اُسے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے لیے بھیجا اور جب وہ واپس آیا تو اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں گاڑی اور اپنے زیورات لوٹے جانے کی کہانی سنائی، مگر اے وی ایل سی نے چند گھنٹوں میں گاڑی برآمد کرلی، جسے ملزمہ کا شوہر منصوبے کے تحت چھیننے کا ڈراما کرکے لے گیا تھا۔
ملزم شوہر کے مطابق گاڑی بنوں کے ایک شہری کو رحیم یار خان میں فروخت کرنی تھی۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے سابقہ ریکارڈ اور ممکنہ دیگر وارداتوں کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
اے وی ایل سی حکام کے مطابق گاڑی کی منتقلی، جیمر کی خریداری اور طلائی زیورات سے متعلق دعوؤں سمیت واقعے کے تمام پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔