اسلام آباد (رانا غلام قادر، نیوز ر پورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ معیشت تباہ کرنے کی سازش تھی، خیبرپختونخوا کے عوام 13سال سے ترقی کیلئے ترس رہے تھے، ہمارے پاس کیا راستہ بچا تھا، خیبر پختونخوا کے عوام کے بہترین مفاد میں مشکل فیصلہ کرنا پڑا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کوششیں کی جائیں گی، پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور بقاء حکومت کی اولین ترجیح ہے، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے طرزِ عمل اور دہشت گردی کے خلاف دو ٹوک موقف کے اجتناب سے پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کو خطرات لاحق تھے، خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں،خیبر پختونخوا کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کوششیں کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب اور متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ (ضیاء) کے پارلیمانی وفد سےملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اسکولوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کو فعال بنانے، ادویات کی فراہمی، پولیس کی تربیت، کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو مضبوط کرنے اور سیف سٹیز کے قیام پر توجہ دی جائیگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2017-18 تک پاکستان میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا تھا تاہم تحریک انصاف کی حکومت آنے پر سوات میں دہشت گرد دوبارہ آنا شروع ہوگئے اور انہیں کھلی چھوٹ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 2024ء میں خیبر پختونخوا میں دوبارہ حکومت بننے کے بعد گزشتہ ڈھائی سال کے دوران وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کی حتی الامکان کوششیں کیں۔ آج خیبر پختونخوا میں عوام، پولیس اہلکار اور افسران شہید اور اغواء ہو رہے ہیں جبکہ فوج کے افسران اور جوان بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔