پشاور(ارشد عزیز ملک )قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب کے عمل کو مؤثر بنانے، علاقائی سطح پر نگرانی بہتر بنانے اور مبینہ بدعنوانی سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان میں ذیلی دفتر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن اور ضم شدہ اضلاع سے بدعنوانی سے متعلق موصول ہونے والی شکایات میں اضافے کے پیش نظر اس اقدام کا اعلان کیا۔نیب ذرائع کے مطابق شہریوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر علاقائی حلقوں کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں اور مقامی سرکاری محکموں میں شفافیت کے فقدان اور مبینہ انتظامی بے ضابطگیوں پر تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔