کراچی (مطلوب حسین)لیاقت آباد میں سندھ پولیس کے اہم دفاتر پر مشتمل عمارت طویل لوڈشیڈنگ کے باعث بھوت بنگلےکامنظرپیش کرنے لگی۔پولیس کمپلیکس میں قائم ویمن اینڈ چائلڈ پولیس اسٹیشن اور انویسٹی گیشن سیل کی عمارت میں بجلی کا متبادل نظام نہ ہونے سے گھپ اندھیرا ہوتا ہے جس کے باعث خواتین اہلکار اور سائلین شدید مشکلات کا شکارہیں ، راہداریوں اور سیڑھیوں پر تاریکی کےباعث خواتین اور بچوں کے گرکر زخمی ہونےکی بھی اطلاعات ہیں ۔تفصیلات کےمطابق لیاقت آباد پولیس کمپلیکس کی عمارت بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث شام ہوتےہی گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتی ہے۔ویمن اینڈ چائلڈ پولیس اسٹیشن، ایس پی آپریشنز لیاقت آباد ڈویژن، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انویسٹی گیشن اور سینٹرلائزڈ انویسٹی گیشن سیل (سی آئی سی) کے دفاتر پرمشتمل اس گراؤنڈ پلس ٹو منزلہ عمارت میں شام کے بعد مکمل اندھیرے کاراج ہوتاہے۔یہاں تعینات ایک پولیس افسر کے مطابق، بجلی کی طویل بندش کے باعث دفتری امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔