• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی سرمایہ کاری نے پاکستان کو توانائی قلت پر قابو پانے میں مدد دی، احسن اقبال

تصویر، پی آئی ڈی
تصویر، پی آئی ڈی

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاری نے پاکستان کو توانائی کی شدید قلت پر قابو پانے میں مدد دی۔

اسلام آباد میں چین کے کاروباری وفد سے ملاقات میں احسن اقبال نے دونوں ممالک کے کاروباری روابط اور نجی شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

چینی وفد سنکیانگ صوبے کی حکومت کے سینئر مشیر یوان جیان کی قیادت میں ملاقات کے لیے آیا تھا، دوران ملاقات پاک چین دوستی کو مضبوط تجارتی شراکت داری میں بدلنے کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نجی سرمایہ کاری پر توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین تجارتی رکاوٹیں دور کریں اور کاروباری روابط مضبوط بنائیں، جولائی 2013ء کا معاہدہ 5 سال میں 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری میں تبدیل ہوا۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں تقریباً 8 ہزار میگاواٹ اضافہ ہوا، چینی سرمایہ کاری نے پاکستان کو توانائی کی شدید قلت پر قابو پانے میں مدد دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے 3 سال میں برآمدات میں مزید 7 ارب ڈالر کا اضافہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنا سکتا ہے۔

ملاقات میں یوان جیان نے کہا کہ چین کو پاکستانی برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، چینی کمپنیوں کےلیے پاکستان میں مینوفیکچرنگ، توانائی، اے آئی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

قومی خبریں سے مزید