بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں نوجوان شیو شرما کے قتل میں ملوث قرار دی گئی ملزمہ، انفلوئینسر اور میک اپ آرٹسٹ شردھا دوبے نے دعویٰ کیا ہے کہ بوائے فرینڈ کو قتل نہیں کروایا بلکہ اس نے خودکشی کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریسٹورنٹس کے مالک 28 سالہ شیو شرما گزشتہ ہفتے شردھا دوبے کے فلیٹ کی چوتھی منزل سے گرنے کے بعد ہلاک ہو گئے تھے، واقعے کے بعد سے شردھا اور ان کی بہن راشمی روپوش ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 1 منٹ سے زائد دورانیے کے ویڈیو بیان میں شردھا نے کہا ہے کہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا اور میں پولیس کے ساتھ تعاون کرنے اور اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے اپیل کی کہ میرا نام کسی اعلیٰ عہدیدار یا سیاست دان کے ساتھ نہ جوڑا جائے کیونکہ میرا ایسے افراد سے کوئی تعلق نہیں۔
شردھا نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں پولیس کو مکمل سچ بتانا چاہتی ہوں اور کہیں غائب نہیں ہوئی، میرے بارے میں کچھ بھی کہنے سے پہلے اچھی طرح سوچ لیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیو شرما کے قتل کے مقدمے میں شردھا دوبے، ان کی بہن راشمی، ایک ڈرائیور اور ایک ساتھی سمیت دیگر نامعلوم افراد کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کی شکایت مقتول کی والدہ رنجنا شرما نے درج کروائی جنہوں نے الزام لگایا ہے کہ شردھا گزشتہ 4 ماہ سے میرے بیٹے کو بلیک میل کر رہی اور تشدد کا نشانہ بنا رہی تھی، شردھا نے بیٹے کی قابلِ اعتراض ویڈیوز پھیلانے اور بدنام کرنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔
شکایت کے مطابق واقعے کے روز رات 9 بجے شردھا نے شیو کی والدہ رنجنا شرما کو فون کر کے بتایا کہ شیو بالکونی سے گر گیا ہے اور اسے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، بعد ازاں شردھا نے رنجنا کو ایک اور کال میں بتایا کہ میرا ڈرائیور شیو کو اسپتال لے گیا ہے اور ڈرائیور کا فون نمبر بھی فراہم کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ پولیس نے شردھا دوبے اور ان کی بہن راشمی کے بارے میں اطلاع دینے پر 50,000 بھارتی روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
پولیس واقعے کے حالات اور موت کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔