آنکولوجسٹس کا کہنا ہے کہ کینسر کے خطرات میں کمی کے لیے روزانہ 10 ہزار قدم چلنے کا ہدف پورا کرنا ضروری نہیں کیونکہ اس سے کم چلنے کے باوجود صحت کے اہم فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ماہرینِ سرطان نے 2025ء کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ برطانیہ کے 85 ہزار افراد پر کی گئی تحقیق میں روزانہ قدموں کی تعداد اور کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے مطابق روزانہ 5 ہزار قدم چلنے کے مقابلے میں 7 ہزار قدم چلنے والوں میں کینسر کا خطرہ 11 فیصد جبکہ 9 ہزار قدم چلنے والوں میں 16 فیصد کم پایا گیا] تاہم روزانہ 9 ہزار قدم سے زیادہ چلنے والوں کے اضافی فوائد میں کمی آنے لگی۔
ماہرین کے مطابق کینسر کے خطرے میں کمی کے لیے چلنے کی رفتار کے بجائے روزانہ چلنے والے مجموعی قدم زیادہ اہم ہیں، ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمی بھی فائدہ مند ہے، اس لیے جِم جانے یا تیز دوڑنے کے بجائے روز مرہ کی چہل قدمی بھی صحت بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق باقاعدگی سے چلنے سے جسم میں سوزش کم کرنے، انسولین کی حساسیت اور میٹابولک نظام بہتر بنانے، وزن قابو میں رکھنے اور مدافعتی نظام کو طاقت ور بنانے میں مدد ملتی ہے، موٹاپا کئی اقسام کے کینسر کا اہم خطرہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی بڑی آنت اور چھاتی کے کینسر سمیت بعض اقسام کے دیگر کینسر کے خطرات کم کرنے سے بھی منسلک ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اگر کوئی شخص روزانہ 3 ہزار سے 5 ہزار قدم چلتا ہے تو اسے اچانک 10 ہزار قدم کا ہدف مقرر کرنے کے بجائے پہلے 7 ہزار قدم تک پہنچنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اس مقصد کے لیے صبح اٹھنے کے بعد 15 منٹ اور رات کے کھانے کے بعد مزید 15 منٹ چہل قدمی کی جا سکتی ہے، دن بھر میں 10 منٹ کی 3 سے 4 مرتبہ مختصر چہل قدمی بھی مفید ہے، قدموں کی موجودہ اوسط معلوم کر کے اس میں ہر ہفتے 10 فیصد سے زیادہ اضافہ نہ کیا جائے اور طویل چہل قدمی کے بعد پنڈلیوں اور رانوں کے پٹھوں کو 2 منٹ تک کھینچنے کی ورزش (اسٹریچنگ) لازمی کی جائے۔
ماہرینِ سرطان کے مطابق مستقل مزاجی سے کی جانے والی جسمانی سرگرمی زیادہ اہم ہے، اس لیے اپنی استطاعت کے مطابق آغاز کریں اور بتدریج چہل قدمی کا دورانیہ بڑھائیں کیونکہ روزانہ کے معمول میں شامل چھوٹی چھوٹی سرگرمیاں بھی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔