• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نانا پاٹیکر کا ساتھ کام کرنے کیلئے امیتابھ کے معاوضے سے ایک روپیہ زیادہ کا مطالبہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نامور بھارتی ہدایتکار کملیش ساونت نے کہا ہے کہ آنجہانی اداکار نانا پاٹیکر نے ایک مرتبہ بھارت کے لیجنڈی اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم میں کام کرنے کیلئے انکے معاوضے سے ایک روپیہ زیادہ معاوضے کی شرط رکھی تھی۔ 

فلم درشیم 3 کے اداکار کملیش ساونت نے ایک انٹرویو میں نانا پاٹیکر کے ساتھ جڑی یادوں اور ہندی سنیما پر ان کے گہرے اثرات کا کھل کر ذکر کیا۔

کملیش ساونت نے بتایا کہ انہوں نے سنا تھا کہ جب نانا پاٹیکر کو امیتابھ بچن کے ساتھ فلم 'کہرام' میں کام کی پیشکش ہوئی تو انہوں نے شرط رکھی تھی کہ وہ بچن صاحب سے ایک روپیہ زیادہ فیس لیں گے۔

ہدایتکار کے مطابق کہا جاتا ہے کہ جہاں امیتابھ کی فیس 1 کروڑ روپے تھی، وہیں نانا نے 1 کروڑ 1 روپیہ وصول کیا۔

کملیش نے بتایا کہ بالی ووڈ میں گانوں اور رقص کے دور سے ہٹ کر طاقتور ڈائیلاگ ڈیلیوری اور مکالمہ بازی کا رجحان نانا پاٹیکر نے ہی شروع کیا تھا، جن کی فلمیں دیکھنے کے لیے لوگ بار بار سنیما گھروں کا رُخ کرتے تھے۔

انہوں نے یاد کیا کہ امیتابھ بچن کی طرح نانا پاٹیکر بھی ان چند اداکاروں میں شامل تھے جن کے بولتے ہی سنگل اسکرین تھیٹرز میں مکمل خاموشی چھا جاتی تھی اور شائقین ان کا ہر ڈائیلاگ سانس روک کر سنتے تھے۔

واضح رہے کہ 75 سالہ نانا پاٹیکر 8 اکتوبر کو گوا میں کارڈیک اریسٹ کے باعث چل بسے تھے۔ 

بعدازاں پوسٹ مارٹم رپورٹ سے انکشاف ہوا کہ ان کی موت دل کی بائیں شریان میں خون کا لوتھڑا جمنے کے باعث طبعی طور پر ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید