خیبر پختونخوا میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کی انسپکشن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق دیر کالونی میں اسکول حادثہ کے بعد صوبے کے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اسکولوں کی عمارتوں کی ساخت، چھتوں، دیواروں اور بنیادوں کا معائنہ کیا جائے گا۔
نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ پڑتال کے لیے ضلعی سطح پر انکوائری کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جن میں ضلعی مانیٹرنگ افسر، محکمہ تعلیم اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے نمائندے شامل ہیں۔
کمیٹیوں کو تین روز میں عمارتوں کی حالت اور حفاظتی انتظامات سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
غیر محفوظ عمارتوں کی نشاندہی کرکے ضروری مرمت اور حفاظتی اقدامات کی سفارش کی جائے گی۔
اسی طرح محکمہ تعلیم کی اسکولوں کی عمارتوں میں خامیوں کو بروقت دور کرنے کا طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔