وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی نظام کو مستحکم بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات ہونے والے نئے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان آمد پر سعودی سفیر کا خیر مقدم کیا اور نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے سفارتی فرائض کی انجام دہی میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ معاہدے اور اتحاد علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔