کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستانی سرحدوں پر جارحیت اور سرحد پار سے دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پاک فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور سرحدوں کی حفاظت کا عزم غیر متزلزل ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 154 ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 39 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں کیڈٹس نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر غزنوی کمپنی کو قائداعظم بینر سے نوازا گیا۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
جنرل عامر رضا نے ٹریننگ کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازات بھی تقسیم کیے۔
جنرل سید عامر رضا نے پاس آؤٹ ہونے والے تمام کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی، انہوں نے بنگلادیش، سری لنکا اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ خواتین کیڈٹس کی شرکت باعثِ افتخار ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیڈٹس ملک کی سلامتی میں بھرپور کردار ادا کریں اور پیشہ ورانہ زندگی میں آنے والے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کریں، دیانت داری، بہادری اور جرات قیادت کے اہم اصول ہیں، کیڈٹس کے کندھوں پر ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمے داری ہے۔
جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور جدید جنگی ضروریات کے پیشِ نظر تیزی سے تبدیلیاں کی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر جوان ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا، کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو دنیا بھر نے دیکھا، مشرق وسطیٰ میں پاکستان کے مثبت کردار نے خطے میں اس کی تزویراتی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، اسلام آباد معاہدہ خطے میں امن کی بنیاد ہے۔
جنرل سید عامر رضا کے مطابق آپریشن سندور میں ناکامی کے بعد دشمن نے گرے زون کارروائیوں اور بیانیے کی جنگ کا راستہ اختیار کیا ہے۔
انہوں نے فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی بند کرنے پر بھی زور دیا۔