• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رجنی کانت کیلئے ٹائٹل میوزک بنانے والے موسیقار دیوا چل بسے

بھارت کے معروف موسیقار دیوا 75 برس کی عمر میں چل بسے۔ انہوں نے مشہور انٹرو میوزک ترتیب دیا تھا جسے اب بھی رجنی کانت اپنی تمام فلموں میں استعمال کرتے ہیں۔

وہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد چنئی کے علاقے کوڈمباکم کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ اداکارہ اور سیاستدان خوشبو سندر نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر دیوا کی موت کی تصدیق کی اور صدمے کا اظہار کیا۔ 

ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشبو سندر نے لکھا کہ یہ بالکل ناقابل یقین ہے۔ جو شخص بالکل صحت مند اور ہنستا کھیلتا تھا، دعائیں دے رہا تھا اور محض 10 دن پہلے تک ہمارے ساتھ تھا، وہ اب نہیں رہا۔ یہ خبر دل دہلا دینے والی ہے۔

دیوانیسن چوکالنگم 20 نومبر 1950 کو پیدا ہوئے اور اپنی 76ویں سالگرہ سے چند ہفتے قبل ہی چل بسے۔ انہوں نے جنوبی ہند میں 400 سے زائد فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی تھی۔ 

ان کا فلمی سفر 1986 میں تامل فلم ’ماٹوکارا منارو‘ سے شروع ہوا اور انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں کئی سپر اسٹارز کے لیے موسیقی کمپوز کی۔

رجنی کانت کی 1992 کی فلم ’’اناملائی‘‘ کے لیے ان کا ترتیب کردہ میوزک آج بھی جب اسکرین پر ’سپر اسٹار رجنی‘ کا ٹائٹل کارڈ آتا ہے استعمال کیا جاتا ہے۔ دیوا نے کمل ہاسن، وجے، اجیت کمار، پون کلیان اور دیگر کے لیے بھی یادگار البمز بنائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید