• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: تحویلِ ملزمان پر جھگڑے میں ایس آئی یو قصور وار قرار


کراچی کے ضلع وسطی پولیس اور ایس آئی یو اہلکاروں کے درمیان جھگڑے کی انکوائری رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ارسال کردی گئی۔

 ذرائع کے مطابق رپورٹ میں واقعے کی ذمہ داری ایس آئی یو اہلکاروں پر عائد کی گئی ہے، جبکہ جھگڑے کے دوران ڈی ایس پی کو زخمی کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کیس میں چار ملزمان ضلع وسطی پولیس کی تحویل میں ہیں، جبکہ پانچویں مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات ڈی آئی جی ساؤتھ کو سونپی گئی تھیں۔ رپورٹ میں واقعے کی ذمہ داری ایس آئی یو اہلکاروں پر عائد کی گئی ہے، جبکہ موقع پر پہنچنے والے اہلکاروں کی جانب سے ڈی ایس پی کو زخمی کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تیموریہ تھانے کی پولیس نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مزید چار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری تھی، جس کے دوران چار میں سے تین ملزمان موقع پر پہنچے تو انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے بعد ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر ایس آئی یو اہلکار بھی موقع پر پہنچے، جہاں ضلعی پولیس اور ایس آئی یو اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوا۔ 

پولیس حکام کے مطابق شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کیس میں گرفتار چار ملزمان ضلع وسطی پولیس کی تحویل میں ہیں، جبکہ پانچواں مفرور ملزم بھی پولیس اہلکار ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں جھگڑے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید