کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر، جدید اور ماحول دوست بنانے کے لئے کوشاں ہے، جبکہ بسوں کی پہلی کھیپ نومبر 2026تک کراچی پہنچ جائے گی۔ اس سلسلے میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے شنگھائی میں بس مینوفیکچرنگ کمپنیوں یوٹونگ اور ہائیگر کے حکام سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں الیکٹرک اور ڈبل ڈیکر بسوں کی جلد فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر برائے اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹسندھ شرجیل انعام میمن سے یوٹونگ بس مینوفیکچرر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر رابن شین نے ملاقات کی، جس میں کمپنی کی جانب سے سندھ میں الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کے لئے تعاون اور معاونت کی پیشکش کی گئی۔