کراچی (مطلوب حسین) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمرشل بینک سرکل (سی بی سی) کراچی نے نجی کمپنی کے فنڈز میں مبینہ خوردبرد کے معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد عباس خان اور اس کے ساتھی شہریار کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق، محمد عباس خان کو مبینہ مالیاتی فراڈ کی منصوبہ بندی اور اس پورے طریقہ واردات میں مرکزی کردار ادا کرنے والا ملزم قرار دیا گیا ہے۔ ملزم نے مبینہ طور پر اپنے ساتھی شہریار کے ساتھ مل کر ایسا جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوایا جس کا عنوان نجی کمپنی کے مالک کے اصل بینک اکاؤنٹس سے مماثل تھا، تاکہ کمپنی کی رقوم کو دھوکہ دہی کے ذریعے منتقل کیا جا سکے۔ تحقیقات کے مطابق، کمپنی کے اصل بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے لیے جاری کیے گئے ریفنڈ پے آرڈرز اور چیکس مبینہ طور پر دھوکہ دہی سے ملزمان کے زیر استعمال بینک اکاؤنٹ میں جمع کروا دیے گئے، جس کے نتیجے میں کمپنی کے مالک کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان پہنچا۔ مزید برآں، انکوائری کے دوران شہریار نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوانے میں فعال کردار ادا کیا اور خردبرد کی گئی رقم میں سے 40 فیصد بطور کمیشن وصول کیا۔