بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر ممبئی کے علاقے جوہو میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کی تصویر سامنے آ گئی۔
پولیس نے حملے کے بعد ملزمان کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات تیز کر دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے مقام کے قریب لی گئی تصویر میں 2 افراد کو سفید شرٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے، جن میں سے ایک نے پوما کے لوگو والی سیاہ ٹوپی پہن رکھی ہے، پولیس تاحال دونوں ملزمان کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پولیس نے حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی، جسے ملزمان فرار ہونے سے پہلے اندھیری ریلوے اسٹیشن پر چھوڑ گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق موٹر سائیکل ممبئی میں رجسٹرڈ ہے، تفتیشی حکام موٹر سائیکل کے رجسٹریشن ریکارڈ، نمبر پلیٹ، چیسز اور انجن نمبروں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
پولیس علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی تجزیہ کر رہی ہے تاکہ ملزمان کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا جا سکے، دستیاب معلومات کے مطابق دونوں ملزمان کے ساتھ ایک تیسرا ساتھی بھی موجود تھا، جو موٹر سائیکل پر موقع پر پہنچا تھا۔
فوٹیج میں ایک شخص کو متعدد گولیاں چلاتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دوسرا شخص بھی فائرنگ کرنے کی کوشش کرتا دکھائی دیا، تیسرا شخص موٹر سائیکل پر موجود رہا، جو بظاہر اپنے ساتھیوں کو فرار ہونے میں مدد دینے کے لیے تیار تھا، واقعے کے بعد تینوں موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔
فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شام پیش آیا، جب 36 سالہ اداکار فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد واپس جا رہے تھے، لارنس بشنوئی گینگ نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والوں کو نئی دھمکیاں بھی جاری کی ہیں۔
ٹائیگر شروف فائرنگ میں محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور فردوس اور چوہان نامی رکشہ ڈرائیور زخمی ہو گئے، فائرنگ کے دوران گاڑی میں بیٹھے اداکار اپنی نشست سے ڈرائیور کی نشست کی جانب منتقل ہو گئے تھے۔
پولیس نے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے 15 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جن میں ممبئی کرائم برانچ اور مقامی پولیس کے اہلکار شامل ہیں۔
فرانزک ٹیم نے جائے وقوع سے گولیوں کے شواہد جمع کیے اور گاڑی کا معائنہ کیا تاکہ فائر کیے گئے راؤنڈز کی درست تعداد معلوم کی جا سکے۔
واقعے کے بعد وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڈناویس نے ممبئی پولیس کمشنر دیون بھارتی اور ٹائیگر شروف سے رابطہ کیا۔
انہوں نے پولیس کو تحقیقات تیز کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی اور اداکار کو یقین دلایا کہ ملزمان کو جلد تلاش کر لیا جائے گا۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی حملے کے کچھ دیر بعد اداکار کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا ہے کہ ٹائیگر شروف کے دائیں ہاتھ پر بارود سے جلنے کے نشانات آئے ہیں۔