• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنکھ کی سرجری سے بینائی ضائع ہونے کا خدشہ تھا: اے بی ڈی ویلیئرز کا انکشاف

جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز---فائل فوٹو
جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز---فائل فوٹو

جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے مجھے خبردار کیا تھا کہ دائیں آنکھ کے پردے کے اپنی جگہ سے ہٹ جانے کے باعث میں بینائی سے محروم ہو سکتا تھا۔

ایک پوڈکاسٹ میں انجری کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے متعلق سوال پر اے بی ڈی ویلیئرز نے بتایا ہے کہ کچھ عرصہ قبل میری آنکھ کی سرجری ہوئی تھی، دائیں آنکھ میری غالب آنکھ نہیں تھی، اس لیے اس انجری نے کرکٹ پر زیادہ اثر نہیں ڈالا۔

انہوں نے بتایا کہ انڈین پریمیئر لیگ کے دوران خصوصاً رات کے وقت دائیں آنکھ کی بینائی دھندلا جاتی تھی، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد میں نے آنکھ کا معائنہ کرایا کیونکہ میں اپنے کھیلنے کے دنوں میں سرجری نہیں کرانا چاہتا تھا۔

اے بی ڈی ویلیئرز کے مطابق ڈاکٹروں نے معائنے کے دوران آنکھ کے پردے کے اپنی جگہ سے ہٹ جانے کی تشخیص کی اور اگلے ہی روز آپریشن کر دیا، ڈاکٹروں نے خبردار کیا تھا کہ میں اپنی بینائی بھی کھو سکتا تھا۔

دسمبر 2023ء میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ میرے بیٹے نے غلطی سے اپنی ایڑی میری آنکھ پر مار دی تھی اور میں اپنے کیریئر کے آخری 2 سال آنکھ کے پردے کی اس تکلیف کے ساتھ کھیلتا رہا۔

واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018ء میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، تاہم وہ 2021ء تک انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی نمائندگی کرتے رہے۔

شائقین انہیں ’مسٹر 360‘ کے نام سے جانتے ہیں، کیونکہ وہ میدان کے چاروں جانب شاٹس کھیلنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے تھے۔

انہوں نے 114 ٹیسٹ میچوں میں 50.66 کی اوسط سے 8 ہزار 765 رنز بنائے، جن میں 22 سنچریاں شامل تھیں، ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور ناٹ آؤٹ 278 رنز رہا۔

اے بی ڈی ویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری، سنچری اور 150 رنز بنانے کے ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔

وہ 3 مرتبہ آئی سی سی ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید