مصنف: توصیف احمد خان
صفحات: 178 ، قیمت: 882
ناشر: فاروق احمد ،اٹلانٹس پبلی کیشنز۔
فون نمبر: 2568546 - 0348 -35050786 - 021
یہ ڈاکٹر توصیف احمد خان کی پانچویں تصنیف ہے۔ اس سے قبل پاکستان میں آزادئ صحافت کی تحریک اورانسانی حقوق سے متعلق کتب تحریر کر چُکے ہیں۔ زیرِ نظر کتاب انسانی حقوق کے نڈرعلم بردار، راشد رحمان کی زندگی، آبائی پس منظر، خاندانی سفر اور مسلسل جدوجہد پر مبنی ہے اور اس کا عنوان، معروف شاعر رئیس فروغ کے ایک شعر؎ ’’عشق وہ کارِ مسلسل ہے کہ ہم اپنے لیے… ایک لمحہ بھی پس انداز نہیں کرسکتے‘‘ سے ماخوذ ہے اوریہ عنوان محض ایک اختراعی انتخاب نہیں، راشد رحمان کی حیات کا حقیقی خلاصہ ہے۔ یعنی ایسی زندگی، جو فرد کے اپنے لیے ایک لمحہ بھی محفوظ نہ رکھ سکی، جب کہ مظلوم کے لیے ہر گلی، محلے، محفل اورعدالت میں بلند آواز بنی رہی۔
پروفیسر توصیف احمد نے سوانح نگاری اور قصہ گوئی کی معروف صنف سے مکمل طور پراجتناب کرتے ہوئے یہ ایک انتہائی سنجیدہ، تحقیقی کام سرانجام دیا ہے۔عموماً کسی کی جدوجہدِ زندگی پر لکھتے ہوئے واقعات و حقائق پس منظر میں چلے جاتے ہیں، تشریح و تجزیہ غالب آجاتا ہے، حالاں کہ ایک سچّے ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ کی جدوجہد کا انحصار اُن مخصوص واقعات ہی پر ہوتا ہے، جن سے وہ اپنی زندگی میں بارہا اور براہِ راست دوچار رہتا ہے۔
کیس اسٹڈیز، دستاویزات اور تاریخی حوالوں کے بغیر ایسی کوئی تصنیف یا تو محض ادبی فِکشن سے ملتی جُلتی کوئی چیزبن کر رہ جاتی ہے یا عجلت میں تیار کردہ کسی دستاویزی فلم کےموافق، جو شاید وقتی طور پر تو پُراثرمحسوس ہو، لیکن اس میں معاشرے کا مکمل اور درست چہرہ دکھائی نہیں دیتا۔ جب کہ اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں راشد رحمان کومحض ایک اچھے، مظلوموں کےہم درد انسان کے ہی کے طور پر نہیں، بلکہ حقائق اور واقعاتِ زندگی کے تسلسل کے ساتھ بیان کیاگیا ہے۔
ان کے آبائی و خاندانی پس منظر سے متعلق ابتدائی سطروں میں درج ہے کہ اُن کی جڑیں بلوچستان کے بہادر، غیّور سپاہیوں سے جاملتی ہیں۔ مثال کےطور پر، ڈھائی تین سو سال قبل کیے گئے سفر کا احوال، جس کے تحت اُن کی مادری زبان کا تغیّر، ثقافت کا ارتقاء وقوع پذیرہوا، کتاب میں انتہائی سادگی کے ساتھ تفصیلاً موجود ہے، پھر تقسیم کے بعد اُن کے اُردو بولنے والے اُترپردیشی خاندان کی پاکستان ہجرت اور جنوبی پنجاب میں سکونت اختیار کرنے سے متعلق تفصیل بھی بہت دل چسپ اور لائقِ مطالعہ ہے کہ صدیوں پہلے گنگا کنارے آباد ہوئے بلوچ خاندانوں کے لسانی وثقافتی تغیّر کی داستان جُوں کی توں بیان کردی گئی ہے۔
دل چسپ بات یہ ہے کہ یوپی کے جس زرعی نظام سے راشد رحمان کا خاندان ہجرت کر کے آیا، وہاں زمیں دار اور مزارعے میں فرق کا کوئی وجود تھا، نہ ہی تصور، لہٰذا جنوبی پنجاب میں یہ طبقاتی فرق دیکھ کروہی خاندان سب سے پہلے مظلوم، محروم اورپِسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے صف آرا ءہوا۔
چو ں کہ راشد رحمان نےعام کسان سے لے کر معروف سیاست دان تک، سب کے لیے بلاتخصیص عدالتوں میں پیش ہو کر، ہر طرح کے خطرات کے باوجود سچ کا دفاع کیا، تو ان واقعات سے منسلک کیس اسٹڈیز اور دستاویزی حوالے بھی اس تالیف کو عام سوانح سے ممتاز کرتے ہیں۔
تحریر کا انداز گرچہ قواعد و جمالیات کابھی پابندہے، لیکن تحقیقی عنصر، بہرکیف پوری کتاب پرغالب ہے۔پڑھنےوالاخود بھی سمجھ جائےگا کہ راشد رحمان، راشد رحمان کیوں ہے۔ پاکستان میں بنیادی حقوق کی پامالی سے متعلق واقعات کاتسلسل،ایک دردناک حقیقت ہے۔ یہاں قانون سے آگہی کی سطح ترقی یافتہ دنیا تو کیا، خطّے کے کئی ممالک سے بھی کم ترہے۔
ایک ایسے معاشرے میں، جہاں مینڈیٹ چوری کرنا، بیلٹ باکس غائب کردینا اور طاقت کے دیگر مظاہر معمول کی بات ہوں، وہاں پسند کی شادی کو سنگین جرم سمجھا جاتا ہے، اور پسند کی شادی کرنے والوں کا زندہ رہنا بھی خاندان کے لیے بےغیرتی کا سبب قرار دیا جاتا ہے، تو یہ کتاب درحقیقت اِسی عمومی واجتماعی رویے کا دستاویزی جواب ہے۔
ان ہی حالات میں بغیر کسی مالی معاونت، سیکیوریٹی اور سرکاری مدد کے، راشد رحمان کی اَن تھک جدوجہد پاکستان اور بیرونِ مُلک، انسانی حقوق کے کام کرنے والوں کے لیے ایک غیرمعمولی مثال تھی۔
سو، ایسے میں اُن کا قتل حیرانی کا سبب نہیں، بلکہ اِس معاشرے میں اِس طرزِ زندگی کے ساتھ اُن کا چھپّن سال کی عُمر تک زندہ رہ جانا باعثِ حیرت بنا۔ سچ تو یہ ہےکہ راشد رحمان کی زندگی ایک مشعلِ راہ ہے، جس کا دستاویز میں زندہ رہنا بہتری کی اُمید رکھنے والوں کے لیے ضروری تھا۔ یاد کرنا اور یاد رکھنا، دو مختلف فلسفے ہیں۔
یاد کرنا اگرچہ کسی سے محبّت وعقیدت کا بھرپور اظہار ہے، لیکن یاد رکھنے کاعمل اقوام کو مستقبل کی روشن راہ دکھاتا ہے۔ سو،حقوق کی جنگ لڑنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ راشد رحمان کی زندگی اور جدوجہد کا تحقیقی مطالعہ کریں، جب کہ کتاب اٹلانٹس پبلی کیشن نے بہت ہی خُوب صُورت انداز میں شائع کی ہے۔