شاعر: مظہر ہانی
صفحات: 128، قیمت: 700
ناشر: کراچی پبلی کیشنز، آفس نمبر 106، رِم جھم شاپنگ سینٹر، گلشنِ اقبال، کراچی۔
فون نمبر: 1361627 - 0336
اس کتاب کےخالق، مظہرہانی بنیادی طور پرشاعر، لیکن ایک سماجی کارکن کی حیثیت سے بھی نمایاں شناخت کے حامل ہیں۔ انہوں نےمولانا عبدالستار ایدھی کے ساتھ تقریباً 25 برس سماجی خدمات انجام دیں اوراب ’’ہانی ویلفیئر آرگنائزیشن‘‘ کے تحت سماجی و فلاحی امور انجام دے رہے ہیں۔ ہمارے پیشِ نظر مظہر ہانی کا اولین شعری مجموعہ ہے، جس میں ان کی61غزلیں شامل ہیں۔ یہ مجموعہ تحسین و ستائش سے بے نیاز ہے کہ پیش لفظ ہے، نہ دیباچہ۔ شاعرنے اپنے بارے میں خُود بھی کچھ نہیں لکھا۔
گویا شاعری اور قاری کے درمیان کسی کو حائل نہیں ہونے دیا۔ اس امر سے بھی ان کی سادگی، بےنیازی اور منسکر المزاجی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ دراصل ان کی شخصیت دو مختلف زاویوں ادب اور سماج کےگرد گھوم رہی ہے، اِسی لیے شاعری میں سماجی و معاشرتی زندگی کاعکس نمایاں ہے۔
ویسے ان کے شعری مجموعے کے اوراق سے ایک سچّے شاعر کی شبیہہ جھلکتی ہے کہ ان کے ہاں بات کہنے کا سلیقہ بھی ہے، اور خیالمیں ایک نئے پن کا احساس بھی۔ خصوصاً ہجرت، نقل مکانی، سماجی وسیاسی صورتِ حال، غلامانہ ذہنیت اور خوف و دہشت کے موضوعات پران کے اشعار، اجتماعی شعور کے گواہ ہیں۔ کتاب میں مظہر ہانی نے غزلوں کا کڑا انتخاب پیش کیا ہے کہ ان کی غزل نت نئی تشبیہات، علامات اور استعاروں سے عبارت ہے۔