مصنّف: محمّد اظہارالحق
صفحات: 112، قیمت: 1200
ناشر: بُک کارنر، جہلم (پاکستان)۔
محمّد اظہارالحق کا شمار پاکستان کے ممتاز و معتبر شعراء میں ہوتا ہے۔ 1982ء میں ان کا پہلا شعری مجموعی ’’دیوارِآب‘‘ شائع ہوا، جسے ’’آدم جی ادبی ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔ بعدازاں ان کے شعری مجموعے ’’غدر‘‘ اور ’’پَری زاد‘‘ شائع ہوئے۔ چوتھے مجموعے ’’پانی پہ بچھا تخت‘‘ کو ’’اقبال ایوارڈ‘‘ ملا۔ یہ چاروں مجموعے کلیات کے طور پر ’’کئی موسم گزر گئے مجھ پر‘‘ کے نام سے بھی شائع ہوچُکے ہیں۔ پانچواں شعری مجموعہ 2023ء میں ’’اے آسمان نیچے اُتر‘‘ کے نام سے منظرِعام پر آیا۔
انہیں جدید غزل کا رجحان ساز شاعر قرار دیا جاتا ہے، جب کہ انہوں نے 1992ء میں کالم نگاری کا بھی آغاز کیا۔ مختلف قومی سطح کے اخبارات میں لکھتے رہے۔ ان کے غیر سیاسی کالموں کے تین مجموعے، تلخ نوائی، میری وفات اور عاشق مست جلالی شائع ہوچُکے ہیں۔ 2008ء میں انہیں صدارتی تمغۂ حُسنِ کارکردگی سے بھی نواز اگیا۔ زیر ِنظر کتاب دراصل ایک منفرد ناول ہے، جو بچّوں کے لیےلکھا گیا ہے اور بقول مصنّف، ’’ٹکلو کا کردار، میرے ذہن نے میرے بچّوں کے لیے اُس وقت تخلیق کیا، جب بچّے چھوٹے تھے، اس کے گرد مَیں نے کئی کہانیاں بُنیں۔ ٹکلو، ہمارے گھر کا ایک فرد تھا اور ہے۔
میرے بچّے بڑے ہوگئے، تواُن کے بچّوں کے لیے مَیں نےمزید کہانیاں سوچیں اور سُنائیں۔ ان کہانیوں میں سے اکثر، ٹکلو ہی کے گرد گھومتی رہیں۔ یوں ٹکلو ایک ایسا کردار ہے، جو مجھ سمیت تین نسلوں کے لیے دل چسپی کا حامل رہا ہے۔‘‘یہ ناول13مختصر کہانیوں پر مشتمل ہے اورہرکہانی ایک نئے ذائقے سے ہم کنار کرتی ہے۔ شاہد صدیقی نے کتاب پر رائےدیتے ہوئے لکھا ہے کہ’’یہ ناول پڑھتے ہوئے مجھے معروف کتاب ’’اِن ونڈرلینڈ‘‘ یاد آگئی، جو بچّوں کے لیے تو محض ایک پُرلطف کہانی ہے، لیکن بڑوں کے لیے بھی ایک استعاراتی کتاب ہے۔
اِس کتاب میں بھی ہمیں تشریح کی ایسی ہی تہہ داری ملتی ہے اور کیوں نہ ہو، یہ محمّد اظہار الحق کی نثر ہے، جن کے اشعار میں کہانیاں اور کہانیوں میں شعروں کا رس اور معانی کے اَن گنت دروازے کُھلے ہیں۔‘‘ درحقیقت، یہ ناول بچّوں کے ادب میں گراں قدر اضافہ ہے۔ ایک زمانہ وہ تھا، جب ہر بڑے شاعر نے بچّوں کے ادب کو بھی ذریعۂ اظہار بنایا لیکن اب یہ روایت معدوم ہوتی جارہی ہے، ایسے میں محمد اظہار الحق کا ناول یقیناً تیرگی میں روشنی کا مینار ثابت ہوگا۔