مصنّف: رفیق بلوچ
صفحات: 160 ، قیمت: 800
ناشر: مستاگ فائونڈیشن، کراچی۔
’’گاندھی گارڈن‘‘ کراچی کے چڑیا گھر کا پرانا نام ہے، جہاں اب چڑیاں نہیں رہتیں، لیکن زیرِ نظر کتاب میں طرح طرح کے حیوانات اور پرندوں کی کہانیاں تحریر کی گئی ہیں۔ جانوروں اور پرندوں کو کن کن نفسیاتی الجھنوں کا سامنا ہوسکتا ہے، اُن کے ساتھ کیا کیا زیادتیاں ہو رہی ہیں اور وہ انسانوں کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں، یہ کتاب دراصل ان ہی باتوں پر مبنی کسی قدر مزاحیہ کتاب ہے۔
کتاب کا مطالعہ کریں تو احساس ہوگا کہ اب ہمیں جانور دیکھنے کے لیے گاندھی گارڈن جانے کی ضرورت نہیں۔ ویسے بھی اب وہاں دو چار قریب المرگ جانور ہی باقی رہ گئے ہیں۔ نیز، مصنّف نے اس کتاب کی وساطت سے حیوانات کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھائی ہے، یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ خیر، فائدہ تو اور بھی بہت سے کاموں کا نہیں۔
بقول مصّنف، ’’جب تک حیوان لکھنے، پڑھنے اور بولنے کے قابل نہیں ہوجاتے، اس کتاب کو انسان پڑھیں اور جانوروں سے متعلق اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں، کیوں کہ انسان بھی کبھی جانور تھا اور شاید اب بھی ہے۔‘‘ یہ کتاب 33مضامین پر مشتمل ہے، پیش لفظ خود مصنّف نے تحریر کیا ہے، جب کہ کتاب میں موہن داس کرم چند گاندھی، عبدالقدوس اور چمپو گوریلا کے مضامین بھی شامل ہیں، جن میں کتاب کے مصنّف کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔