دریائے سندھ ایک جانب پاکستان کی معیشت، زراعت اور تہذیب کی علامت ہے، تو دوسری جانب جنوبی پنجاب کے ہزاروں خاندانوں کے لیے گویا ایک عفریت کی شکل اختیار کرچُکا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں سے مسلسل ان کے گھر، کھیت کھلیان، روزگار اور ثقافتی وَرثہ نگل رہا ہے۔
دریائے سندھ کے بے رحم کٹاؤ نے تحصیل جتوئی کے دریائی علاقوں میں انسانی زندگی کو ایک ایسے المیے سےدوچار کردیا ہے، جس کی شدّت کا اندازہ اُن متاثرہ افراد کی آنکھوں سےجھلکتی بےبسی سے لگایا جا سکتا ہےکہ اُن کے پاس بھی کبھی اپنی زرعی اراضی، مویشی اور خوش حالی وآسودگی تھی مگر آج وہ بےسروسامانی کے عالم میں زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔
دریا کے مسلسل کٹاؤ سے بَیٹ دریائی (Flood Plains) کا تقریباً 70 فی صد علاقہ، بھنڈہ مہربان کا تقریباً 80فی صد اور بھنڈہ نو برآمدہ کا تقریباً 100فی صد علاقہ دریا بُرد ہوچُکا ہے، جب کہ لُنڈی پتافی کے تقریباً 14ہزار ایکڑ رقبے میں سے بھی 10ہزار ایکڑ زمین دریائے سندھ کی نذر ہوچُکی ہے۔ دریائی کٹاؤ سے درجنوں بستیاں صفحۂ ہستی سے مٹ گئیں، تو سیکڑوں خاندان آبائی گھروں اور زرعی اراضی سے محروم ہو کر دربدر ہوگئے۔
یہ وہ لوگ ہیں، جن کی شناخت کبھی اُن کی زرعی اراضی، فصلوں اور زراعت سے ہوتی تھی۔ ان کے کھیتوں میں گندم، کپاس، گنا اور دیگر فصلیں لہلہاتی تھیں اور ہزاروں ایکڑ زرخیز زمین نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے روزگار کا ذریعہ تھی بلکہ مُلکی معیشت میں بھی حصّہ ڈال رہی تھی، مگر دریائے سندھ کے بےرحم کٹاؤ نے ان سے روزگار کا یہ ذریعہ بھی چھین لیا۔
نتیجتاً، کل کے زمین دارآج کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کسی کے پاس گھر نہیں، کوئی زرعی اراضی سے محروم ہے اور کوئی اپنے مستقبل کے حوالے سے بے یقینی کا شکار ہے، جب کہ کئی متاثرہ خاندان ایسے ہیں، جو نقلِ مکانی کے بعد جنگلوں، بیابانوں اور بے آب و گیاہ مقامات پر سرکنڈوں سے بنی عارضی پناہ گاہوں میں رہائش پذیر ہیں۔
خطرات سے دوچار مستقبل: دریائی کٹاؤ صرف زمین اور گھر نہیں نگل رہا بلکہ اس نے نئی نسل کا مستقبل بھی خطرات سے دوچار کردیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں موجود اسکولز، مساجد، مدارس اور قبرستان بھی دریاکی نذر ہوچُکے ہیں۔ اسکولز کی تباہی کے سبب بچّوں کے لیے تعلیم کے مواقع محدود ہوتے جارہے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولتیں پہلے ہی ناکافی تھیں، جب کہ نقلِ مکانی کے باعث صُورتِ حال مزید سنگین ہوگئی ہے، نیز صاف پانی کے ذرائع کی عدم دست یابی نے متاثرین کی مشکلات میں کئی گُنا اضافہ کر دیا ہے۔ الغرض، ایک ایسا خطّہ کہ جہاں کسی وقت ہزاروں انسان آباد تھے، آج وہاں زندگی کے بنیادی وسائل تک دست یاب نہیں۔
دو دہائیوں سےکٹاؤ جاری ، مستقل حل ندارد: دریائے سندھ کے کٹاؤ کا یہ سلسلہ نیا نہیں، تقریباً دو دہائی سے جاری ہے۔ نسل در نسل آباد لوگوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے گھر، کھیت، بستیاں اور آبائی نشانیاں دریا بُرد ہوتے دیکھی ہیں۔ دریا کی ایک طویل پٹّی ہونے کے باوجود کٹاؤ روکنے کے لیے اب تک صرف تین سُپر اسٹڈز تعمیر کیے گئے اور اُن میں سے بھی ایک مؤثر حفاظتی بندوبست کی بجائے ریت کا پہاڑ ثابت ہوا، جسے دریائے سندھ بالآخر اپنے ساتھ بہا لے گیا۔
بحالی کی کوئی پالیسی نہیں: سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ دریائی کٹاؤ سے متاثرہ خاندانوں کی مستقل بحالی کے لیے کوئی جامع، واضح پالیسی بھی نظر نہیں آتی۔ متاثرین کے لیے متبادل رہائش کا مستقل بندوبست ہے، نہ زمین کا متبادل، روزگار کی ضمانت اور نہ ہی ان کے بچّوں کی تعلیم و صحت کے لیے کوئی منصوبہ۔
ستم ظریفی یہ بھی ہے کہ جن لوگوں کے گھر اور زرعی اراضی دریا بہا لےگیا، وہ جب کسی نسبتاً محفوظ مقام پر پناہ لینے کی کوشش کرتے ہیں، تو اُنہیں وہاں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے، اس بےسروسامانی کے عالم میں محکمۂ جنگلات کی جانب سے بھی انہیں بعض مقامات پر بیٹھنے اور رہنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
زرخیز زمین کےساتھ مُلکی معیشت کا بھی نقصان: دریائے سندھ کے کٹاؤ کو محض چند دیہات یا خاندانوں کا مسئلہ سمجھنا غلط ہے، حقیقتاً یہ مُلکی زرعی معیشت کابھی ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ وہ ہزاروں ایکڑ زرخیز اراضی، جو کبھی سونا اُگلتی تھی، آج دریا کی گہرائی میں دفن ہوچُکی ہے، جب کہ زمینوں پر کاشت کاری کرنے والے ہزاروں افراد بےروزگار۔ کسان کے ہاتھ سے زمین نکلی، تو پھرمزدور، بیوپاری، ٹرانسپورٹرز اور مقامی کاروبار سے وابستہ کئی طبقات بھی متاثر ہوئے۔ یوں کٹاؤ صرف مکانات اور کھیت نہیں بہا لے جا رہا، مقامی معیشت کو بھی دریا بُرد کر رہا ہے۔
کئی برادریوں کا مشترکہ المیہ: اس قدرتی آفت سے متاثر ہونے والوں میں لسکانی، بلوچ، آرائیں، ککیہ، پتافی، گدارے، کہیل اور دیگر برادریاں شامل ہیں اور مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے یہ خاندان آج ایک مشترکہ دُکھ کا بوجھ اُٹھائے سوال کر رہے ہیں کہ ان کے آباؤ اجداد کی زمینوں، گھربار اور مستقبل کا تحفّظ کون کرے گا؟
دوسری جانب یہاں کئی خاندان اپنے آباؤ اجداد کی قبروں سے بھی محروم ہو چُکے ہیں کہ جن مقامات پر کبھی زندگی سے بھرپور آوازیں گونجتی تھیں، آج صرف دریائے سندھ کا شور سُنائی دیتا ہے۔ گرچہ دریا کے بہاؤ کو روکا نہیں جا سکتا، مگر اس کےکٹاؤ سےانسانی آبادیاں محفوظ رکھنے کے لیے جدید سائنسی بنیادوں پر اقدامات ضرور کیے جا سکتے ہیں۔
ضرورت اس اَمر کی ہے کہ دریائی پٹّی کا ازسرِنو سروے کروایا جائے، حسّاس مقامات کی نشان دہی ہو، مضبوط اور سائنسی بنیادوں پر حفاظتی پُشتے اور سپراسٹڈز تعمیر کیے جائیں، متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور ان کی بحالی کے لیے باقاعدہ پالیسی تشکیل دی جائے۔ واضح رہے، متاثرین کو صرف امداد نہیں، اپنا گھر، زرعی اراضی، روزگار، تعلیم، صحت اور باعزّت زندگی گزارنے کا حق چاہیے۔
دریائے سندھ شاید اپنے رستے پر بہتا رہے گا، مگر سوال یہ ہے کہ کیا ریاست بھی ان لوگوں کے ساتھ کھڑی ہوگی کہ جنہوں نے نسلوں تک اس زمین کو آباد کیا، مُلک کے لیے اناج پیدا کیا اور آج اپنی ہی سرزمین پر دربدر ہیں؟ اگر کٹاؤ کا یہ سلسلہ اِسی رفتار سے جاری رہا، تو آنے والے برسوں میں مزید بستیاں، زمینیں اور خاندان دریا کی نذر ہوسکتے ہیں۔
وقت کا تقاضا ہے کہ اس انسانی المیے کو محض موسمی یا مقامی مسئلہ سمجھنے کی بجائے قومی سطح پر سنجیدہ پالیسی کے تحت حل کیا جائے، کیوں کہ یہ صرف دریائے سندھ کا کٹاؤ نہیں، انسان، زمین، روزگار اور ایک پوری تہذیب کے بتدریج مٹنے کی داستان ہے۔