• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جین زی: قوم کا سرمایہ، روشن مستقبل کی ضمانت

شیر محمد چشتی، کراچی

2023ء کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی تقریباً 24 کروڑ 15لاکھ ہے اور اس میں ہر سال 2.55 فی صد کی شرح سے اضافہ ہورہا ہے، جب کہ ادارۂ شماریات پاکستان کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق وطنِ عزیز کی آبادی 25 کروڑ سے تجاوز کر چُکی ہے اور اس میں 70 فی صد 40 سال سے کم عُمر افراد شامل ہیں، جب کہ 15 سے 29 سال تک کے نوجوان، آبادی کا 26 فی صد ہیں، یعنی اس اعتبار سے ان کی تعداد 6.7 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

ان نوجوانوں کو عمومی طور پر’’جنریشن زی‘‘ کہا جاتا ہے۔ باصلاحیت نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں اور اگر انہیں معیاری تعلیم، عہدِ حاضر کی ضروری مہارتیں اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں، تو یہ مُلک کی بڑی معاشی قوّت ثابت ہو سکتے ہیں۔ بد قسمتی سے پاکستان ایک ترقّی پذیر مُلک ہے اور یہاں آبادی کی ضروریات کی نسبت وسائل کم اور تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع محدود ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ اس وقت مُلک بَھر میں ڈھائی کروڑ سے زائد بچّے اسکول سے باہر اور تقریباً 86لاکھ چائلڈ لیبر سے وابستہ ہیں۔ دوسری جانب مُلک بَھر میں اربنائزیشن میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ روزگار کی خاطر شہروں کا رُخ کرنے والوں میں ایک بڑی تعداد ’’جین زی‘‘ ہی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ہے، جس کے نتیجے میں شہروں میں آبادی کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

تیز رفتار انٹرنیٹ، جدید ذرائع ابلاغ، عالم گیریت اور روابط میں آسانی نے ’’جین زی‘‘ کو ایک مخصوص اور انقلابی سوچ کا حامل طبقہ بنا دیا ہے۔ یہ نوجوان غیر معمولی صلاحیتوں اور قوّت کے مالک ہیں اور دُنیا کے جس خطّے میں بھی اپنی حکومت کی کارکردگی سے غیر مطمئن ہوتے ہیں، تو احتجاج کے ذریعے اُسے گُھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔

ذیل میں اس ضمن میں چند مثالیں پیش کی جا رہی ہیں۔ 2024ء میں بنگلا دیش میں سرکاری ملازمتوں کے کوٹے کے خلاف نوجوانوں نے اس قدر شدید احتجاج کیا کہ گزشتہ 15برس سے مسلسل وزارتِ عظمیٰ کے عُہدے پر فائز رہنے والی شیخ حسینہ واجد کو اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑے اور انہوں نے مُلک سے فرار ہونے کے بعد بھارت میں پناہ لے کر اپنی جان بچائی۔

اِسی طرح 2025ء میں نیپال میں حکومت کی پالیسیز کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج اتنا بڑھا کہ حکومت کو مستعفی ہونا پڑا، جب کہ تیسری مثال پڑوسی مُلک، بھارت کی ہے کہ جہاں طلبہ نے حکومت کی تعلیمی پالیسی اور نظام کے خلاف اس قدر پُرزور احتجاج کیا کہ حکومت گُھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگئی، یہاں تک کہ وزیرِ تعلیم کو مستعفی ہونا پڑا، جب کہ جین زی کے کئی مطالبات بھی تسلیم کر لیے گئے۔

وزیرِاعظم پاکستان، میاں محمّد شہباز شریف اور اُن کی حکومت نوجوانوں بالخصوص ’’جین زی‘‘ کی صلاحیتوں، اہمیت اور طاقت سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں معاشرے کا کارآمد اور مفید طبقہ بنانے کے لیے ان کی صلاحیتیں نکھارنے پر گراں قدر سرمایہ کاری کررہی ہے۔

یاد رہے، میاں شہباز شریف اپنے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے دَور ہی سے نوجوانوں کی طاقت اور اہمیت سے واقف ہیں اور انہوں نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور اُن کی ضروریات کی تکمیل کے لیے متعدد منصوبے بھی شروع کیے تھے۔

نیز، اپنےاِسی ویژن کےتحت انہوں نے وزارتِ عُظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے بعد نوجوانوں کے مُلک کی تعمیر و ترقّی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا اور اس ضمن میں 27-2026ء کے مالی بجٹ میں بھاری فنڈز مختص کر کے تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ’’پرائم منسٹر یوتھ پروگرام‘‘ کے لیے 40 ارب 58 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جب کہ مختلف وزارتوں میں نوجوانوں کے منصوبوں کے لیے مزید 21 ارب روپے مختص کیے گئے۔

’’پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر اسکیم‘‘ کے تحت 22 ارب 40 کروڑ روپے نوجوانوں کو بِلاسُود یا بہت کم سُود پرچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شروع کرنے، زرعی منصوبوں کو بڑھانے اور اپنے اسٹارٹ اَپس قائم کرنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں اور اس اسکیم کے تحت اب تک 365 ارب روپے کے قرضے 6 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو فراہم کردیئے گئے ہیں، جس سے تقریباً 20 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ 

دوسری جانب خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بھی 25فی صد فنڈز رکھے گئے ہیں تاکہ صنفی مساوات اورمعاشی خودمختاری کے اصولوں کے پیشِ نظر اُنہیں روزگار کی فراہمی اور معاشی ترقّی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

علاوہ ازیں، مُلک بَھر میں تعلیم عام کرنے کے لیے ’’ایجوکیشن اینڈومینٹ‘‘، دانش اسکولز کے نیٹ ورک اور ڈیجیٹل شعبے کے لیے بھی قابلِ ذکر حد تک فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ’’پاکستان ایجوکیشن اینڈومینٹ‘‘ کے لیے3 ارب روپے رکھے گئے ہیں تاکہ پس ماندہ علاقوں کے غریب اور ذہین طلبہ کو حصولِ تعلیم میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ دانش اسکولز کے نیٹ ورک کی مَد میں48ارب 24 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ دُور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کومعیاری تعلیم میسر آسکے۔

واضح رہے، گلگت بلتستان میں بھی دانش اسکولز قائم کیے جا رہے ہیں اور اگلے برس اسلام آباد میں ’’دانش یونی ورسٹی‘‘ آپریشنل ہوجائے گی، جہاں طلبہ مفت تعلیم حاصل کریں گے۔ ’’ڈیجیٹل تعلیم‘‘ کے شُعبے کے لیے مُلک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لاکھوں طلبہ میں ’’پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم‘‘ کے تحت 7 لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کیے جا چُکے ہیں، جب کہ مزید 2لاکھ 50 ہزار کروم بُکس بھی دی جائیں گے۔

’’نیشنل والنٹیئر کور‘‘ اور ’’گرین یوتھ موومنٹ‘‘ نامی پروگرامز کے تحت 20 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے، قدرتی آفات سے نمٹنے، شجرکاری، ماحولیات کے تحفّظ اور سماجی خدمات کی تربیت دی جائےگی، جب کہ ’’ڈیجیٹل یوتھ حب‘‘ نامی منصوبے کے تحت نوجوانوں کو تعلیم، ملازمت، وظائف، انٹرن شپ اور کاروبار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

نوجوانوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رکھنے کے لیے کھیلوں کے مقابلے بھی ضروری ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ منظور شدہ کھیلوں کی تعداد 30 تک کردی گئی ہے اور 3 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو مختلف کھیلوں کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔

دوسری جانب ’’ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام‘‘، ’’یوتھ اسپورٹس لیگ‘‘ اور’’ای اسپورٹس‘‘ کے لیے بھی جدید ترین مراکز کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے، مذکورہ بالا منصوبوں کے لیے بھی خطیر فنڈ مختص کیا گیا ہے۔

عصرِحاضر میں ترقّی اور کام یابی کے لیے صرف ڈگری کافی نہیں بلکہ مختلف فنون میں تیکنیکی مہارتوں کا حصول بھی ضروری ہے۔ نوجوانوں کی ان ہی ضروریات کوپیشِ نطر رکھتے ہوئے ’’یوتھ اِسکلز پروگرام‘‘ کے لیے 9 ارب 90 لاکھ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے، جس کےتحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، سائبر سیکیوریٹی، بلاک چَین اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

مزید برآں، تعلیم سے محروم لاکھوں نوجوانوں کو باوقار روزگار کے پائے دار مواقع فراہم کرنے کے لیے ’’نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی‘‘ تشکیل دی گئی ہے، جس میں خواتین کا کوٹا35 فی صد رکھا گیا ہے، جب کہ ’’نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ اینڈ انڈوومینٹ پالیسی‘‘کے تحت 10سے29 سال کےنوجوانوں کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ مذکورہ پروگرام کے تحت رواں برس ایک ہزار طلبہ کوآئی ٹی اور اے آئی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے چین بھیجا جائے گا، جس کے اخراجات حکومتِ پاکستان برداشت کرے گی۔

دوسری جانب نوجوانوں کو مستقبل کی مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہُنر سکھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ’’اِسکلڈ ایمبیسڈر پروگرام‘‘ اور’’ نیشنل پاور سیکٹر اینوویشن پروگرام‘‘ شروع کیا جائے گا۔ حکومتِ پاکستان کی ان تمام پالیسیز اور پروگرامز کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، ہُنر، کاروبار اور جدید علوم کی مہارتوں سے آراستہ کر کے باوقار روزگار کا حامل شہری بنانا ہے۔ لہٰذا نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ان سہولتوں سے پورا پورا فائدہ اُٹھائیں اور اپنا قیمتی وقت ضائع نہ کریں۔

عہدِ حاضر نوجوانوں کا دَور ہے، تو اُنہیں چاہیے کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ہاتھوں کھلونا بننے کے بجائے اپنے مقاصد کے حصول کے لیےمثبت سمت پیش رفت جاری رکھیں اور اس ضمن میں برداشت، تحمّل اور شعور کا مظاہرہ کریں۔ اپنی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجّہ دیں۔ نئے زمانے کی تقاضوں کے مطابق فنون میں مہارت حاصل کریں اور بااخلاق،مفید شہری بن کر مُلک و قوم کی خدمت کے ساتھ دُنیا بَھر میں اپنا اور ملک کانام بھی روشن کریں۔

سنڈے میگزین سے مزید