اس سے بڑا المیہ کیا ہوگا کہ مغرب سے متاثر ہو کر یا شاید بےلگام سوشل میڈیا کی بدولت ہمارے معاشرے میں بھی اب غیر شرعی تعلق (Live-in Relationship) کا ذکر عام، شرح میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، حالاں کہ غیرشرعی تعلق محض گناہِ کبیرہ ہی نہیں، رُوح کے نہاں خانوں پرحملہ آور ہونے والا وہ عفریت ہے، جو حیا کا سارا اُجالا ہی نگل لیتا ہے۔
یہ اخلاقی حدود کی وہ فصیل ہے، جسے پھلانگتے ہی اعتماد کی حُرمت پاش پاش، رشتوں کا تقدّس ملیامیٹ ہوجاتا ہے۔ جب خواہشات کی دہکتی قربان گاہ پر وفا سِسک سِسک کر دَم توڑتی ہے، تو محبّت اپنی تمام تر خوشبو کھو بیٹھتی ہے۔ سارے وعدے، دعوے ہوائوں میں تحلیل، سب خوش گمانیاں سر نیہوڑا لیتی ہیں، جب کہ بد اعتمادی و بد گمانی کے ناگ رُوح تک ڈسنے لگتے ہیں۔ بظاہر لبوں پر مسکان سجائے چہروں کے پیچھے ایسے ناسور پلتے ہیں کہ جو پھرمرتے دم تک بہتے، رِستے، سخت اذیت ہی دیتے رہتے ہیں۔
کیا قیامت ہے کہ آج کے اس مادیت پرست دَور میں، بےلگام، سرکش خواہشات کو ”آزادیِ فرد“ اور خیانت کو ”ذاتی اختیار“ کا خوش نُما نام دے دیا گیا ہے، جب کہ دینِ اسلام ہمیں حیا، طہارت اور ضبطِ نفس کی آفاقی چھاؤں کی طرف بلاتا ہے۔ اسلام خواہشات کا قائلِ انکار ہرگز نہیں، بس وہ ان جذباتی لہروں کو تہذیب کا پیرہن عطا کرتا، نکاح کے پُروقار بندھن میں جکڑ کے عزت و حُرمت کا تاج پہناتا ہے۔
یہ وہ مبارک راستہ ہے، جہاں محبت محض جذبات کی عارضی بھٹّی نہیں رہتی، ایک ابدی ذمّے داری، اٹوٹ وفاداری اور رحمتِ خداوندی کا مقدّس عہد بن جاتی ہے۔ ربِ کائنات قرآنِ مجید کے سورۃ بنی اسرائیل (آیت 32) میں ہمیں خبردار کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے۔”اور زِنا کے قریب بھی نہ جاؤ، بے شک وہ بڑی بے حیائی ہے اور بہت بُرا راستہ ہے۔‘‘ اس الہیٰ فرمان کی گہرائی میں اُتریں تو معلوم ہوتا ہے کہ حُکم صرف زِنا کی ہول ناکی سے بچنے کا نہیں، بلکہ اِس گُم راہ کُن رستے پر لے جانے والی ہر پگڈنڈی، ہر آستانے سے کوسوں دُور رہنے کا ہے۔
ایک بے احتیاط نگاہ کی جنبش، پردہِ شب میں کی جانے والی کوئی خفیہ گفتگو، یا اخلاقی حدود سے ذرا سا بھی تجاوز کرتا ہوا کوئی جذباتی تعلق انسان کو رفتہ رفتہ گناہ کی گہری دلدل میں دھکیل دیتا ہے۔ جسے آغاز میں ضمیر کی ایک معمولی لغزش یا بھول سمجھا جاتا ہے، وہ آہستہ آہستہ ضمیر کی ابدی خاموشی اور کردار کی الم ناک شکست کا سبب بن جاتا ہے۔ دانائی کا تقاضا یہی ہے کہ اس انگارے کو شعلہ بن کر پوری بستی جلا دینے سے پہلے ہی بجھا دیا جائے۔
حضورِ اکرم ﷺ کی احادیثِ مبارکہ میں نگاہ، زبان اور دل کی خفیہ خواہشات سے جنم لینے والے زِنا کا بارہا ذکر ملتا ہے۔ یہ روشن تعلیم ہمیں یہ فہم عطا کرتی ہے کہ کوئی بھی گناہ اچانک وقوع پذیر نہیں ہوتا، بلکہ وہ عمل میں ڈھلنے سے بہت پہلے انسان کے دل و دماغ کے نہاں خانوں میں اپنی جگہ بناتا ہے۔ جب کوئی مسافرِ حیات اپنی نگاہوں کے حصار، زبان کی لگام اور دل کے دریچے کُھلے چھوڑ دیتا ہے، تو وہ نادانستہ طور پر ایمان کی اُن حدود سے دُور ہو جاتا ہے، جن کی پاس داری مومن کا اصل سرمایہ ہے۔
نفس کی بےدار مغزی کے ساتھ نگرانی اس لیے لازم ہے کہ بسا اوقات انسان کا سب سے سفّاک دشمن کوئی باہر والا نہیں، بلکہ اس کے اپنے سینے میں پلنے والی سرکش خواہش ہوتی ہے۔ قرآنِ مجید اس حقیقتِ کبریٰ کو سورۃ الشمس (آیات 9-10) میں یوں آشکار کرتا ہے۔’’یقیناً وہ کام یاب ہوا، جس نے نفس کو پاک کیا، اور یقیناً وہ نامراد ہوا، جس نے اسے آلودہ کر لیا۔‘‘یہ آیاتِ مبارکہ ہمارے سامنے کام یابی اور ناکامی کے دو متضاد اور واضح راستے رکھ دیتی ہیں۔
حقیقی فلاح ہر من مانی خواہش کے آگے گھٹنے ٹیک دینے میں نہیں، بلکہ اُس کٹھن گھڑی میں نفس کی لگام کھینچ لینے میں ہے، جب گناہ کا راستہ انتہائی پُرکشش دکھائی دے رہا ہو۔ جو مسافر اپنا باطن طہارت کے زیور سے آراستہ کرتا ہے، وہ اپنا کردار ایک فولادی قلعہ بنا لیتا ہے اور جو ہر نازیبا خواہش کے سامنے ہتھیار ڈال دیتا ہے، وہ چند لمحوں کی سستی لذت کے عوض عُمر بھر کے سکونِ قلب سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔
ضبطِ نفس کی اس کہکشاں میں حضرت یوسف علیہ السلام کی حیاتِ مبارکہ کا باب ایک مینارۂ نور ہے۔ جب آپ کو گناہ کی انتہائی دعوت کا سامنا کرنا پڑا، تو آپ نے تمام تر طوفانوں کے درمیان اپنے رب کی پناہ طلب کی اور خواہش کی بھٹّی میں جلنے کے بجائے پاک دامنی کے تاج کو ترجیح دی۔ (سورۃ یوسف، آیت 23) یہ واقعہ سکھاتا ہے کہ اصل عظمت آزمائش کی شدید گھڑی ہی میں ظاہر ہوتی ہے۔ پاکیزگی کا دامن تھامنا دشوار ضرور ہے، مگر یہ فانی لذت کے مقابلے میں رضائے الہٰی اور عزتِ نفس کا بیش قیمت سودا ہے۔
اس کے برعکس، نکاح وہ پاکیزہ ترین رشتہ ہے، جس سے محبّت کو عزت کا تاج اور قربت کو طہارت کی چادر نصیب ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ سورۃ الروم (آیت 21) میں ارشاد فرماتے ہیں۔ ”اور اُس نے تمہارے درمیان محبّت اور رحمت رکھ دی۔“ اور ازدواجی قربت کے اس تعلق کو ایک دل نشیں استعارے میں یوں پروتے ہیں ۔”وہ تمہارے لیے لباس ہیں اور تم اُن کے لیے لباس ہو۔“ (سورۃ البقرہ، آیت 187)
جس طرح ایک خُوب صُورت لباس سردی و گرمی اور دنیا کی دھول سے جسم کی حفاظت کرتا اور اس کے عیوب پر پردہ ڈالتا ہے، بالکل اِسی طرح میاں بیوی کو بھی ایک دوسرے کی حیا کا محافظ، کم زوریوں کا نگہ بان اور جذبات کا امین ہونا چاہیے۔ ازدواجی زندگی کی اصل تابندگی کسی آسائش، تحفے یا رنگین لمحے میں نہیں، بلکہ اس اٹل اعتماد میں ہے کہ دنیا کے تمام طوفانوں اور بے یقینیوں کے درمیان ایک دل ایسا موجود ہے، جو تاحیات آپ ہی کے لیے دھڑکتا رہے گا۔
جب کہ بےوفائی اورخیانت اسی نازک اعتماد کے شیشے میں گہرا شگاف ڈال دیتی ہے۔ جہاں یقین کا شہر آباد ہو، وہاں شک کے سیاہ بادل منڈلانے لگتے ہیں۔ جہاں محبّت کو سکون کا گہوارہ ہونا چاہیے، وہاں روز و شب سوالات اور اندیشوں کے کانٹے چبھنے لگتے ہیں۔ ٹوٹے ہوئے شیشے کے ٹکڑے تو بڑی محنت سے سمیٹے جا سکتے ہیں، مگر ٹوٹے ہوئے اعتماد کی کرچیاں جوڑنے کے لیے محض الفاظ کا جادو کافی نہیں ہوتا، اس کے لیے طویل عرصے کی سچائی، روح کی سچی ندامت اور عمل کی ترازو میں تُلی ہوئی وفاداری درکار ہوتی ہے۔
ان تمام باتوں کے باوجود، اسلام اپنے ماننے والوں کو مایوسی کے گڑھے میں گرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ گناہ کی پستیوں سے ڈرانے کے ساتھ ساتھ یہ توبہ، رجوع اور رحمتِ خداوندی کے روشن آفتاب کی امید بھی عطا کرتا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے۔ ”اللہ کی رحمت سے نااُمید نہ ہو، بے شک اللہ تمام گناہ بخش دیتا ہے۔“(سورۃ الزمر، آیت 53)
سچّی اور خلوصِ نیّت سے کی جانے والی توبہ یہ ہے کہ انسان اپنے گناہ کی تلخی محسوس کرے، اُس پر شدید نادم ہو، اُسے یک سر ترک کر دے اور عزمِ مصمّم کرے کہ وہ اس گم راہ کُن رستے پر کبھی واپس نہیں لوٹے گا۔ توبہ محض زبان کی ایک جنبش یا چند لفظوں کا ورد نہیں، یہ دل کی دنیا میں بپا ہونے والا ایک پُرسکون انقلاب اور عمل کی اصلاح کا حتمی عہد ہے۔ اور اگر اس سفر میں کسی دوسرے انسان کا دل، اُس کا حق یا اُس کا وقار پامال ہوا ہو، تو اس کی تلافی اور اصلاح کی ذمّےداری سے بھی فرار ممکن نہیں۔
یہ نکتہ ان تمام نادان رُوحوں کےلیےمشعلِ راہ ہے، جو نکاح کی منزل سے پہلے کسی نادانی، لغزش یا گناہ کے بھنور میں پھنس چُکی ہیں۔ ان کا سب سے پہلا قدم بارگاہِ الہٰی میں عاجزانہ توبہ، گناہ سے فوری بےزاری اور ایک پاکیزہ مستقبل کی طرف سفر کا آغاز ہونا چاہیے۔ توبہ ماضی کے سیاہ دھبوں کو چُھپا سکتی ہے، مگر وہ نکاح کا متبادل نہیں بن سکتی۔ کسی انسان کے جذبات، اعتماد اور نادانی سے فائدہ اُٹھا کر اُسے اس طرح بے یارومددگار چھوڑ دینا کہ وہ تنہائیوں میں گُھٹتا رہے، ایک سنگین ترین ناانصافی ہے۔
انسان کوئی بےجان کھلونا نہیں، جسے خواہش پوری ہونے کے بعد پھینک دیا جائے۔ وہ احترام، احساس اور وقار کا پیکر ہے۔ اس کا بہترین اخلاقی تقاضا یہی ہے کہ اگر ماضی میں کوئی لغزش سرزد ہو بھی گئی ہے، تو اس رشتے کو نکاح کے مقدّس بندھن میں ڈھال کرحلال پناہ اور عزتِ نفس عطا کی جائے۔ وفا محض جسمانی حدود کی پاس داری کا نام نہیں، یہ اس مقدّس عہد کی رُوح ہے، جو دو دلوں کو اعتماد کے اَن مٹ رشتوں میں باندھتا ہے۔
یہ تنہائی کے اندھیروں میں بھی اپنے اصولوں پر قائم رہنے، فتنوں کے تمام دروازے باہر سے مقفّل کرنے اور اپنے شریکِ حیات کے سکون و وقار کی پہرے داری کا استعارہ ہے۔ وفا وہ نادیدہ، مگر مضبوط ستون ہے، جس پرگھر کی پوری عمارت اِستادہ رہتی ہے۔ اس ستون کے ہلتے ہی آسائشوں اور سازوسامان سے آراستہ محلات بھی دیکھتے ہی دیکھتےتاریک ویرانوں میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
یاد رکھیے! خواہش ایک عارضی آزمائش ہے، کوئی اٹل حُکم نہیں۔ اور چند لمحوں کی فانی لذت کبھی حقیقی کام یابی نہیں کہلا سکتی۔ جب انسان اپنی سرکش خواہشات کو اللہ کی روشن ہدایت کے تابع کردیتا ہے، تکبر اور ہٹ دھرمی کی جگہ ندامت اور توبہ لے لیتی ہے، اور محبّت، نکاح کے پاکیزہ دائرے میں پناہ پا لیتی ہے، تب جا کر زندگی ایک نئی سمت اور توازن حاصل کرتی ہے۔
کیوں کہ جب وفا دم توڑتی ہے، تو رُوح کے پھول مرجھانے لگتے ہیں، لیکن جب نفس طہارت کی چادر اوڑھتا ہے، توبہ دل کے بنجر صحرا کو سیراب کرتی ہے اور محبّت حلال رشتے کی چھاؤں میں سُکون پاتی ہے، تو مرجھائے، ٹوٹے ہوئے دل بھی قدرت کی رحمت سے پھر سے کِھل اٹھتے ہیں۔ یہی اسلام کا آفاقی پیغام ہے۔ گناہ کی تپش سے دُور رہو، اگر پاؤں پھسل جائیں تو سچے دل سے استغفار کرو، کوئی لغزش ہوبھی گئی ہے، تو عزت کے ساتھ اپناؤ اور اللہ کی وسیع رحمت سے کبھی مایوس نہ ہو۔
(مضمون نگار ماضی کے معروف مقرر، سابقہ آئی جی پولیس اور سابقہ محتسبِ اعلیٰ ہیں)