• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبزیاں ہماری غذائی ضروریات کا حصّہ ہونے کے ساتھ قدرت کی طرف سے ایک اِن مول عطیہ بھی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان سبزیوں میں غذائی اجزاء اور حیاتین کی خاصی مقدار سمو رکھی ہے۔ ہم میں سے اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ صرف گوشت ہی غذائیت کے حصول کا ذریعہ ہے، لیکن قدیم اطباء نے سبزیوں پر خاصی تحقیق کی ہے۔ ان کے مطابق اگر گوشت میں سبزی ڈال کر پکائی جائے تو یہ گوشت کی اصلاح کرنے کے ساتھ اس کی غذائیت میں حد درجہ اضافہ بھی کرتی ہیں۔

قدرت نے موسم کی مناسبت سے مختلف ذائقوں سے لب ریز سبزیاں پیدا کیں ،جو غذائی اجزاء کے ساتھ مختلف بیماریوں کے لیے شفائی اجزاء سے بھی بھرپور ہیں اور ان ہی غذائیت سے مالا مال سبزیوں میں سے آج ہم آپ کو ’’اروی ‘‘ کی افادیت سے متعلق آگاہ کریں گے۔

اروی کا چھلکا اورلیس دار گُودا دونوں غذا اور دوا کا کام دیتے ہیں، جس کی نشان دہی آج سے صدیوں پہلےاطباء کرام نے کردی تھی۔ اروی، دو رنگوں سیاہ اور سفید چھلکے کے ساتھ منڈیوں اور سبزی کی دکانوں پر عام نظر آتی ہے۔ اس کے پتّے کیلے کے درخت کی طرح بڑے بڑے ہوتے ہیں۔ یہ معدے کی گرمی و خشکی کی وجہ سے ہونے والی قبض کے لیے مُفید ہے۔

علاوہ ازیں دستوں کی شکایت، خونی بواسیر، خشک کھانسی کے لیے مفید اور گُردوں کو تقویت دینے میں اپنی مثال آپ ہے۔ غذائیت کے اعتبار سے اس میں وٹامنز اے، بی کے علاوہ روغنی اور نشاستے دار شکری اجزاء بھی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ سمجھیں، 250گرام اروی کھانے سے ہمیں ایک وقت کے کھانے کے برابر غذائیت ملتی ہے اور ایک تن درست معدہ اسے عام طور پر تین سے چار گھنٹے میں باآسانی ہضم کر لیتا ہے۔

ایسے افراد ،جنہیں معدے، جگر کی گرمی کے سبب ہاتھ پاؤں اور پیشاب میں جلن ہوتی ہے، اروی کے سالن کے شوربے میں سوکھا یا تازہ دھنیا ڈال کر ہفتے میں دو سے تین دفعہ کھائیں تو افاقہ ہوگا۔ بھوک کی کمی اور قبض کے مریض اس کے سالن میں پودینا ڈال کر مزید بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔

اس کی ایک اہم خاصیت اس میں موجود لیس ہے، جو آنتوں میں طراوت پیدا کرنے کے ساتھ تقویت بھی دیتی ہے۔ پیٹ میں مروڑ اور درد کی شکایت کرنے والے افراد چاولوں کے اوپر اروی کا شوربا ڈال کر کھائیں تو چند ہی یوم میں تکلیف دُور ہو جائے گی۔ اس کے لیس دار مادّے میں یہ خاصیت بھی ہے کہ خشک کھانسی کے لیے شوربے کی شکل میں غذا اور دوا دونوں کا کام دیتا ہے۔

نیز، گرما گرم شوربے میں کالی مرچ اور دو چائے کے چمچ روغنِ بادام ملا کر بطور جوشاندہ دن میں دو تین دفعہ گرم گرم پینے یا شوربے میں روٹی بھگو کر کھانے سے چند روز میں خشک کھانسی مکمل طور پر ٹھیک ہو جاتی ہے۔

بعض مریضوں کا منہ معدے کی گرمی، خشکی اور تیزابیت کی وجہ سے پک جاتا ہے۔ وہ اس کا شوربا بغیر نمک، مرچ، دو گرام بہی دانہ ملاکر اور ایک جوش دے کر غرارے کریں، تو دو سے تین یوم میں پکا ہوا منہ ٹھیک ہوجائے گا، جب کہ معدے کی گرمی، خشکی بھی مکمل رفع ہوجائے گی۔

سنڈے میگزین سے مزید