• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خود ترسی اور خود شناسی: عورت کے آئینے کے دو رُخ

عورت اکثر آئینے کے سامنے کھڑی ہو کر اپنا چہرہ دیکھتی ہے، مگر زندگی کے کچھ مرحلوں پر اُسے اُسی آئینے میں اپنا چہرہ نہیں، اپنی ذات دیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ عورت، جو اکثر آئینے میں اپنے چہرے کی تھکن دیکھ کر سوچتی اور اپنے آپ سے سوال کرتی ہے کہ ’’زندگی نے مجھے کیا دیا؟“ مَیں اتنی تھک کیوں گئی ہوں؟ تو یہ دراصل خود ترسی کی کیفیت ہے۔

خود ترسی کا مطلب یہ نہیں کہ عورت اپنے دکھ پر رو دے ،ہمت ہار بیٹھے ۔ دُکھ محسوس کرنا فطری امر ہے،لیکن خود ترسی کی کیفیت اُس وقت پیدا ہوتی ہے، جب عورت اپنے تجربات کو بار بار ایک ہی نتیجے تک لے جائے اور صر ف یہی سوچتی رہے کہ ”میرے ساتھ ہی کیوں؟“ تب اسے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حالات ہمیشہ اس کے خلاف رہتے ہیں، لوگوں نے اس کی قدر نہیں کی، اسے وہ مواقع نہیں ملے، جو ملنے چاہیے تھے۔

اس نے سب کے لیے قربانیاں دیں، مگر اُسے بدلے میں کچھ نہیں ملا۔ یہ احساس اگر مستقل ہو جائے تو عورت کی توجّہ مسئلے سے زیادہ اپنی محرومی پر مرکوز ہونے لگتی ہے،پھر اس کی گفتگو، ماضی کی یادیں، دوسروں سے موازنہ حتیٰ کہ اپنی کامیابیوں کا اندازہ بھی اسی ایک پیمانے سے ہونے لگتا ہے۔ وہ آئینے میںاپنے زخم دیکھتے دیکھتے خود کو ایک ” مظلوم عورت“ سمجھنے لگتی ہے، مگر خود ترسی ہمیشہ کم زوری کی علامت نہیں ہوتی۔

یہ ایک اہم نفسیاتی نکتہ ہے۔ کبھی خود ترسی کے پیچھے واقعتاً طویل محرومیاں، جذباتی عدم تحفّظ یا مسلسل بے اختیاری کے تجربات شامل ہوتے ہیں۔ایسی عورت کا دکھ خیالی نہیں ہوتا، لیکن اصل مسئلہ اُس وقت پیدا ہوتا ہے ،جب ذہن یہ مان لے کہ ”اب کچھ بدل نہیں سکتا۔‘‘ یہ سوچ انسان کے اندر موجود اختیار کو کم زور کرتی ہے، پھر عورت فیصلہ کرنے کے بجائے حالات کا انتظار کرتی ہے، اپنی ضرورت اورمسئلہ بتانے کے بجائے یہ توقع رکھتی ہے کہ سامنے والا شخص خود سب کچھ سمجھ جائے اور اپنی زندگی کے فیصلوں کو بار بار ماضی کی ناانصافیوں سے جوڑتی رہتی ہے۔

خود شناسی، خود ترسی کی ضد ضرور ہے، مگر اس کا مطلب خود کو ہر حال میں مضبوط ثابت کرنا نہیں۔ خود شناسی کا مطلب ہےکہ جو محسوس کیا جا رہا ہے، اُسے سمجھا بھی جائے۔ مجھے غصہ کیوں آتا ہے؟ مجھے کس بات کا خوف ہے؟ مَیں کس وجہ سے خود پر کنٹرول کھو دیتی ہوں؟ مَیں دوسروں کی منظوری کی اتنی محتاج کیوں ہوں؟ مجھے ”نہیں“ کہنے میں دشواری کیوں ہوتی ہے؟ مَیں اپنی خواہشوں کو ہمیشہ آخر میں کیوں رکھتی ہوں؟ اور سب سے اہم یہ کہ میری زندگی کے ان حالات میں میرے اختیار کی حد کہاں تک ہے؟ تو یہی خود شناسی عورت کو اپنے آپ کو الزام دینے کے بجائے، اپنے آپ کو سمجھنے کا موقع دیتی ہے، جب کہ خود ترسی میں سوال بدل جاتا ہے ۔ ”اُس نے میرے ساتھ ایسا کیوں کیا؟“ خود شناسی کہتی ہے ۔ ”مَیں نے اس تعلق میں اتنا عرصہ کیا سیکھا؟“ خود ترسی یہ ہے کہ ”کسی نے میری قدر نہیں کی۔“ خود شناسی پوچھتی ہے۔ ”کیا مَیں خود اپنی قدر جانتی ہوں؟“جب کہ خود ترسی کہتی ہے۔ ”میرے پاس کوئی راستہ نہیں۔“ اور بس یہی فرق عورت کی پوری نفسیاتی سمت بدل کے رکھ دیتا ہے۔

یاد رکھیں ، خود ترسی کو سمجھنے کے لیے قربانی کا تصّور سمجھنا بھی ضروری ہے۔ ہر عورت اپنے گھر کے لیے کئی قربانیاں دیتی ہے، لیکن اگر ہر قربانی بعد میں شکایت بن جائے تو وہ قربانی نہیں رہتی۔ عورت چاہتی ہے کہ دوسرے اس کے ہر ایثار کو یاد رکھیں، ہر تکلیف کو سمجھیں اور ہر خاموشی کا بدلہ محبّت سے دیں اور جب ایسا نہیں ہوتا تو اُس کے ذہن میں یہ تصور راسخ ہوتا ہے کہ ”مَیں نے سب کے لیے اتنا کچھ کیا، میرے لیے کس نے کچھ نہیں کیا؟۔‘‘

واضح رہے، یہاں خود شناسی کا مطلب خود غرض ہونا ہر گز نہیں جیسا کہ بعض عورتیں اپنی ذات کو اہمیت دینے سے اس لیے بھی گھبراتی ہیں کہ انہیں ڈر ہوتا ہے، کہیں وہ خود غرض نہ کہلائیں، لیکن اپنی ضرورت پہچاننا خود غرضی نہیں، بالکل اسی طرح کسی بھی کام کی حد مقرر کرنا بے حسی نہیں۔ اپنی رائے پر قائم رہنا ضد نہیں، مدد مانگنا کم زوری نہیں، اپنی خوشی کو ترجیح دینا غلط نہیں۔

درحقیقت، خود کو جاننے والی عورت، دوسروں کے ساتھ زیادہ متوازن تعلق قائم کر سکتی ہے، کیوں کہ وہ محبت کو اپنی ذات مٹانے کے مترادف نہیں سمجھتی، مگر اصل سوال یہ ہے کہ آپ اپنے آپ کو کس رُخ سے دیکھتی ہیں؟ اگر آئینہ صرف یہ دکھاتا ہے کہ آپ کے ساتھ کیا کیا بُرا ہوا، کس نے آپ کو دکھ دیا، کس نے آپ کی قدر نہیں کی اور زندگی نے آپ کو کیا نہیں دیا، تو شاید آپ خودتو خود ترسی کے رُخ سے دیکھ رہی ہیں، لیکن اگر آپ اسی آئینے میں اپنے خوف، خواہشات، صلاحیتیں، غلطیاں، حدود اور اپنے اختیارات بھی دیکھ رہی ہیں، تو یہ خود شناسی کا رُخ ہے۔

خود ترسی کی کیفیت میں عورت اپنے زخم گنتی کرتی ہے، جب کہ خود شناسی میں وہ دیکھتی ہے کہ زخموں کے باوجود اس کے اندر کیا کچھ زندہ ہے۔ عورت کی اصل شعوری قوت یہ نہیں کہ اُس کی زندگی میں کبھی کوئی دکھ ہی نہ آئے بلکہ یہ ہے کہ وہ اپنی شناخت ان غموں کے حوالے نہ کرے۔ آئینہ وہی ہے، چہرہ بھی وہی ہے۔ فرق صرف نظریے کا ہے کہ آپ اس میں کیا دیکھ رہی ہیں، صرف اپنی محرومیاں، ناکامیاں یا اپنی کام یابیاں، خوشیاں اور حاصل شدہ نعمتیں بھی۔

سنڈے میگزین سے مزید