گزشتہ دِنوں سوشل میڈیا پر ایک انتہائی الم ناک ویڈیو وائرل ہوئی۔ اس ویڈیو میں مہاراشٹر (بھارت) سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان دریا کنارے ایک چٹان پر کھڑا ہو کر اپنے والدین سے کہہ رہا ہے کہ اُسے آئی فون لے کر دیا جائے، ورنہ وہ دریا میں چھلانگ لگا دے گا۔ نوجوان کا والد اُس سے التجا کرتا ہے کہ وہ یہ انتہائی قدم نہ اُٹھائے، وہ اس کی فرمائش جلد پوری کردے گا۔
پھر والد آہستہ آہستہ آگے بڑھتے ہوئے بیٹے کا ہاتھ تھام لیتا ہے لیکن دوسرے ہی لمحے بیٹا دریا میں چھلانگ لگا دیتا ہے اور اس کے ساتھ ہی بیٹے کا ہاتھ پکڑے والد بھی دریا میں گر جاتا ہے۔ بیٹے کی ماں جب دونوں کو دریا میں ڈُوبتے دیکھتی ہے، تو وہ بھی دریا میں چھلانگ لگا دیتی ہے اور یوں پل بَھر میں تین ذی نفس لقمۂ اجل بن جاتے ہیں۔ بعد ازاں ایک ہنستے بستے گھرانے کے یوں اُجڑنے کی یہ داستان گلی محلّوں میں موضوعِ بحث بن گئی۔
گرچہ اس اندوہ ناک واقعے پر ہر شخص اپنے اپنے انداز میں تبصرہ کرتا رہا، لیکن سب کی تان بالآخر اس بات پر ٹوٹی کہ یہ دل دوز واقعہ ہماری نوجوان نسل، ’’جین زی‘‘ کو درپیش مسائل اور اُن کے منفی رویّوں کا شاخسانہ ہے اس ضمن میں اکثریت کا خیال ہے کہ ڈیجیٹل دَور میں ہوش سنبھالنے والی نوجوان نسل کو اس وقت ایسے منفرد چیلنجز اور مسائل کا سامنا ہے، جو اس سے پہلے کسی نوجوان نسل کو درپیش نہیں رہے۔
موجودہ نوجوان نسل نے پُرانے الیکٹرانک آلات کی ایک دُنیا کو اپنی نظروں سے اوجھل ہوتے دیکھا اور اب وہ ایک نئی ڈیجیٹل دُنیا کے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ آج کے نوجوان جب بچّے تھے، تو گھر میں فون لگوانا ایک بڑا مسئلہ تھا، جب کہ بعد کے چند ہی برسوں میں اسمارٹ فون ہر شخص کی زندگی کا حصّہ بن گیا۔ یہاں تک کہ آج مائیں اپنے کم سِن بچّوں کو کھانا کھلانے کے لیے بھی موبائل فونز پر کارٹونز دِکھانے کا لالچ دیتی ہیں۔
یوں کہیے، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے سحر نے آج کے والدین، اساتذہ، بزرگوں اور نوجوان نسل کو کچھ اس طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے کہ سحر سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔ گرچہ والدین اور بزرگ تو اسے قیامت کی نشانیاں قرار دے کر کسی قدر پس پائی اختیار کر بھی رہے ہیں لیکن نوجوان نسل اس محاذ پر مسلسل برسرِپیکار ہے۔ انہیں اس وقت ایک طرف منہگائی، بےروزگاری، اعلیٰ تعلیم کے ہوش رُبا اخراجات، اضطراب، تشویش اور ناانصافی جیسے مسائل کا سامنا ہے، تو دوسری طرف اسمارٹ فونز، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے بھی انہیں پوری طرح اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔
نوجوان نسل کا دُنیا پر غلبہ
ہم اپنی نوجوان نسل کی، جنہیں ’’جین زی‘‘ کہا جاتا ہے، اصل تعداد سے لاعلم ہیں۔ مختلف عالمی تنظیموں کے سروے کے مطابق اس وقت دُنیا بَھر میں ’’جین زی‘‘ سے وابستہ نوجوانوں کی تعداد2ارب سے زائد ہے، جو کہ دُنیا کی آبادی کا24.6 فی صد بنتا ہے۔ یعنی دُنیا کی تقریباً ایک چوتھائی آبادی۔ یہ وہ نوجوان (لڑکے اور لڑکیاں) ہیں کہ جو 1997ء سے 2012ء کے درمیان پیدا ہوئے اور ان کی عُمریں اس وقت 14 سے 29 سال کے درمیان ہیں۔
ان کی زیادہ تعداد ایشیا بالخصوص پاکستان، بھارت، انڈونیشیا اورچین میں ہے، جب کہ جاپان، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک میں ان کی تعداد کم ہے۔ امریکا میں ’’جین زی‘‘ کی تعداد 7 کروڑ، برطانیہ میں ایک کروڑ اور چین میں32 کروڑ ہے۔ اسی طرح دیگر ممالک میں بھی اس ایج گروپ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی آبادی کافی زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہےکہ ماہرین نے ان نوجوانوں کو دُنیا میں اب تک کی سب سے بڑی نوجوان نسل قرار دیا ہے۔
موجودہ نوجوان نسل یا ’’جین زی‘‘ اپنے مخصوص ماحول، رویّوں، نفسیات، خیالات اور کئی دیگر عوامل کی وجہ سے منفرد تصوّر کی جاتی ہے۔ خاص طور پر ڈیجیٹل دُنیا نے ان کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتّب کیے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق، جین زی اوسطاً 9 گھنٹے اسمارٹ فون، کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ وغیرہ کے سامنے گزارتی ہے، جس کی وجہ سےاکثر نوجوان گردن، ریڑھ کی ہڈی کے مُہروں، کندھوں، امراضِ چشم، موٹاپے اور شوگر جیسے عوارض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
یہ نوجوان فیشن، روایات، کلچر، ملبوسات، رہن سہن، سیاست اورمذہب کےضمن میں انقلابی سوچ کے حامل ہیں اوران کے اس طرزِ فکر کی ایک بنیادی وجہ یہ بھی ہے کہ انہیں منفرد چیلنجز کا سامنا ہے۔ مثلاً 2025ء کے ایک بین الاقوامی سروے کے مطابق، دُنیا میں48 فی صد نوجوانوں کو مالیاتی عدم تحفّظ، جاب
مارکیٹ کی عدم توجّہی اور بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ یہ نوجوان روزانہ 7 سے9 گھنٹےاسکرین پر اسکرولنگ کرتے گزارتے ہیں۔ فیشن کے اعتبار سے عالمی برانڈز کے رسیا ہیں۔ ان نوجوانوں کی اکثریت مُہم جوئی پسند کرتی ہے۔انہیں ’’خطروں کے کھلاڑی‘‘ بھی کہا جاسکتا ہے۔
یہ اپنی زندگی میں بےجا مداخلت پسند نہیں کرتے اور اس ضمن میں اپنے والدین، بہن بھائیوں اور بزرگوں کو بھی خاطر میں نہیں لاتے۔ ’’جین زی‘‘ سے تعلق رکھنے والی اکثر خواتین اور لڑکیاں مغربی تہذیب اور جدید طرزِ زندگی پسند کرتی ہیں، حتیٰ کہ اپنا شریکِ حیات منتخب کرنے میں بھی کسی دوسرے کی مداخلت ناروا سمجھتی ہیں۔
نئی نسل کی توقّعات مختلف، عادات جُدا اور سوچنے کا انداز منفرد ہے، نیز یہ نوجوان آزادیٔ اظہارِ رائے پر پُختہ یقین رکھتے ہیں۔ ’’جین زی‘‘ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس نسل میں شامل مختلف ممالک، خِطّوں اور نسلی گروہوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ذرائع مواصلات کی محیّرالعقول ترقّی نے ایک دوسرے کے اس قدر قریب کر دیا ہے کہ ان کی سوچ اور فکر میں ہم آہنگی پیدا ہوگئی ہے۔
برطانیہ میں 2021ء میں ہونے والے ایک سروے کے مطابق یہاں نوجوان نسل میں 75 فی صد سفید فام، 12 فی صد ایشیائی اور5 فی صد سیاہ فام شامل تھے لیکن نسلی طور پر مختلف ہونے کے باوجود ان کے سوچنے کا انداز یک ساں تھا اور وہ اپنی دُنیا خود بسانا چاہتے تھے۔
پاکستانی جین زی
پاکستان کی مجموعی آبادی کا 60 فی صد حصّہ 30 برس سے کم عُمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی آغوش میں پلنے والی یہ آبادی مختلف النّوع نسلوں اور اقدار کا ایک پیچیدہ مجموعہ ہے، جس کی جڑیں بیک وقت پُرانی روایات اور نئی اقدار میں پیوست ہیں۔
چُوں کہ مواصلات کی حیرت انگیز ترقّی نے انہیں ’’گلوبل ویلیج‘‘ کا باسی بنا دیا ہے، جس کےباعث دُنیا کے کسی بھی کونے میں رُونما ہونے والا کوئی بھی واقعہ فوراً ان کے علم میں آجاتا ہے اور اسی لیے عالمی تہذیبی وثقافتی یلغارسے ان کا محفوظ رہنا ناممکن ہوگیا ہے۔ یورپ کے کسی مُلک میں نوجوانوں میں مقبول ملبوسات کا کوئی بھی برانڈ دوسرے ہی لمحے پاکستانی نوجوانوں کا پہناوا بن جاتا ہے۔
ایک عالمی سروے کے مطابق، پاکستانی نوجوان اوسطاً3سے4 گھنٹے یومیہ اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں۔ سروے کے مطابق دُنیا کے دوسرے بیش ترممالک کی طرح پاکستانی نوجوان بھی بےروزگاری، منہگائی اورمالیاتی عدم تحفّظ کا شکار ہیں۔ بنیادی انسانی حقوق سے محرومی، آزادیٔ اظہار پر پابندی اور دیگر ناانصافیوں نے انہیں مایوس اور معاشرتی روایات سے دُور کردیا ہے اور اُن کی اکثریت مُلک چھوڑنا چاہتی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں 8 لاکھ سے زائد تعلیم یافتہ اور ہُنرمند پاکستانی نوجوان اپنا مُلک چھوڑ کر روزگار کی تلاش میں بیرونِ مُلک سکونت پذیر ہوئے۔
ماہرین کیا کہتے ہیں؟
پاکستان میں ایک عام شخص بھی یہ بات بخُوبی جانتا ہے کہ ہمارے مُلک میں پُرانی اور نئی نسل کے درمیان خاصے فاصلے پیدا ہوچُکے ہیں۔ وہ زمانہ قصّۂ پارینہ ہوگیا، جب والدین اپنی نوجوان اولاد کو یہ ہدایت کرتے تھے کہ ’’رات ہونے سے پہلے پہلے گھر لوٹ آنا۔‘‘ کیوں کہ اب نوجوانوں کا دن ہی غروبِ آفتاب کے بعد شروع ہوتا ہے۔
ہم نے اس ضمن میں ماہرانہ رائے کے لیے سمریز حفیظ سے بات چیت کی، جو بین الشعبہ جاتی تھراپسٹ اور میڈیکل ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ اُن کا پروفیشن عُمرانیات اور بائیوٹیکنالوجی کے باہم تعلق پر مبنی ہے، 9 برس تک حکومتِ پنجاب کے زیرِانتظام آٹزم ٹریٹمنٹ سینٹرمیں بھی خدمات انجام دے چُکے ہیں، جب کہ اس وقت ’’پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ‘‘ کے’’ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر‘‘میں میڈیکل سوشل سروسزیونٹ کے انچارج کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سمریز حفیظ کا کہنا ہے کہ ’’پُرانی اور نئی نسل کے درمیان فاصلوں کا پیدا ہونا کوئی نئی بات نہیں۔ ایسا ہمیشہ سے ہوتا چلا آرہا ہے، کیوں کہ وقت، زمانہ جامد نہیں ہوتا۔ ہرچند کہ ہر دَور کے تقاضے مختلف ہوتے ہیں۔ تاہم، موجودہ نوجوان نسل، ’’جین زی‘‘ اس اعتبار سے مختلف ہے کہ اس نے ذرائع مواصلات کی حیرت انگیز دُنیا میں آنکھ کھولی اور اب دُنیا کے کسی بھی کونے میں نوجوان نسل کے ہاتھوں رُونما ہونے والا کوئی بھی واقعہ لمحہ بَھر میں پوری دنیا کے نوجوانوں کو متاثر کردیتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ حالیہ چند برسوں میں بنگلادیش، نیپال، سری لنکا اور بھارت میں نوجوانوں کے احتجاجی مظاہروں سے پڑوسی ممالک میں بھی بےچینی پھیل گئی۔‘‘ پاکستان کی نوجوان نسل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’’اس وقت پاکستانی نوجوان بھی تقریباً انہی مسائل سے دوچار ہیں، جو دوسرے ممالک کے نوجوانوں کو درپیش ہیں۔ دُنیا بَھر کے نوجوان کم و بیش ایک ہی جیسی کیفیات سے گزر رہے ہیں اور ان کی سوچ بھی تقریباً یک ساں ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ہم اپنی ایک ایسی دُنیا تخلیق کررہے ہیں کہ جس کے متعلق ہمیں بھی یہ نہیں بتایا گیا کہ اُسے کیسے تخلیق کرنا ہے۔
ہمارا پُرانا نظام جدید حقائق اور تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں۔ سو، ہماری نسل کو اپنے لیے خود ہی نئے راستے تلاش کرنے ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’آج کے نوجوانوں میں پایا جانےوالا ڈیپریشن، اضطراب یا منشیات کی بڑھتی ہوئی لت صرف انفرادی کم زوریوں کا شاخسانہ نہیں، اس کے پسِ پردہ ناانصافیوں پر مبنی موجودہ نظام بھی کارفرما ہے۔ پاکستانی معاشرے میں ماضیٔ قریب تک نوجوانوں کی شخصیت اور کردار سازی میں پورے خاندان، والدین، اساتذہ اور بزرگوں کا اہم کردار ہوا کرتا تھا لیکن آج ان کا کردار بہت محدود ہوگیا ہے۔‘‘
ایک سوال کےجواب میں اُنہوں نے بتایا کہ ’’نوجوان نسل کی مخصوص سوچ اور رویّوں کے پسِ پردہ درجنوں عوامل کارفرما ہیں، جن پرتفصیلی گفتگوکےلیےبہت سا وقت درکار ہے، لہٰذا اگر صرف اسمارٹ فون ہی کی بات کی جائے، تو اس نے نوجوانوں کی سوچ کوایک خاص زاویے میں ڈھالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کا کام بھی موبائل فونز نے سنبھال لیا ہے، یہاں تک کہ ہم اسے اپنی زندگی کا ناگزیر حصّہ سمجھنے لگے ہیں۔
نتیجتاً، آپ کو اکثر گھروں میں یہ منظر دیکھنے کو ملتا ہے کہ اگر اس خاندان کے نصف درجن ارکان بھی، جن میں نوجوان، بچّے، بوڑھے اور خواتین سبھی شامل ہیں، کسی ایک جگہ اکٹّھے ہوں، تو ان میں سے ہرفرد باہمی گفتگو میں حصّہ لینے کی بجائے موبائل فون پر اسکرولنگ میں مصروف ہوگا۔ آج والدین کی بچّوں سے گفتگو محدود ہوگئی ہے، حتیٰ کہ میاں بیوی بھی باہمی مسائل پر بات کرنے کی بجائے اسکرینز میں گُم رہتے ہیں اور باہمی مکالمے کے اسی فقدان نے مجموعی طور پر سنگین معاشرتی مسائل کو جنم دیا ہے، جس میں ایک بڑا مسئلہ نوجوان اولاد کی خودسری اور ضرورت سے زیادہ آزادانہ سوچ ہے۔
موجودہ نوجوان نسل، چاہے وہ مَرد ہو یا عورت، اپنے فیصلوں میں دوسروں کو شریک نہیں کرنا چاہتی۔ اُن کے نزدیک گھر بسانا اتنا اہم نہیں، جتنی کہ اعلیٰ تعلیم اور کیریئر۔ خطرات سے کھیلنا ان کاشیوہ ہے۔ یہ نوجوان جذبات واحساسات کی بجائے حقائق کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایلون مَسک نے اِسی لیے کہا تھا کہ انسان اب انسان نہیں رہا، روبوٹ بن گیا ہے۔
باہمی تعلقات، جذبات واحساسات کی جگہ اب اسمارٹ فون اور لیپ ٹاپ نےلےلی ہے اور یہ الیکٹرانک آلات ہی اب ہماری زندگی اور تنہائی کے سب سے بڑے ساتھی ہیں۔ ہم اپنی زندگی کی خوش گوار یا تلخ یادیں اپنے ذہن میں محفوظ کرنے کی بجائے کسی خارجی اسٹوریج کا حصّہ بنا لیتے ہیں۔‘‘
جدید طرزِ زندگی کے نوجوان نسل کی ذہنی و جسمانی صحت پر اثرات سے متعلق سمریز حفیظ کا کہنا ہے کہ ’’نوجوان نسل کا زیادہ تروقت کُھلے میدانوں میں کھیل کُود اور مناظرِ فطرت سے لطف اندوز ہونے کی بجائے بند کمروں میں ایل ای ڈی لائٹس میں گزرتا ہےاور ماہرین کے مطابق یہ لائٹس جسم میں بعض صحت مند ہارمونز بننے میں رُکاوٹ پیدا کرتی ہیں۔
اسی طرح اکثر نوجوانوں کو اپنے والدین اور پیاروں کے انتظار کی بجائے اپنے موبائل فونز پر ’’نوٹی فیکیشنز‘‘ کا انتظار رہتا ہے۔ انہیں خوشی اُس وقت ملتی ہے، جب ان کی کوئی تحریر، تصویر یا ویڈیو وائرل ہوجائے یا اُن کے کانٹینٹ کو زیادہ سے زیادہ پذیرائی ملے۔ اکثر نوجوان رات بَھر جاگتے اور دن بَھر سوتے ہیں یا رات کو دیر تک جاگتے اور صُبح دیر سے اُٹھتے ہیں۔
نفسیاتی ماہرین نےان عادات کوانتہائی بھیانک اورنقصان دہ قراردیا ہے، جو بعدازاں کئی خطرناک بیماریوں کا باعث بنتی ہیں، کیوں کہ اس طرح اکثر نوجوانوں کا ذہنی و جسمانی مَوڈ قدرتی بائیولاجیکل کلاک کے خلاف کام کرتا ہے۔‘‘ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کے ضرورت سے زیادہ استعمال کی وجہ سے نوجوان نسل، حتیٰ کہ بچّوں میں کمر، کندھے اور ریڑھ کی ہڈی میں درد جیسے مسائل جنم لے رہے ہیں اور ان میں آنکھوں کے امراض بھی بڑھ رہے ہیں۔
الغرض، اس وقت نوجوان نسل کو جن نفسیاتی اورجسمانی مسائل کا سامنا ہے، اس سے قبل کسی نوجوان نسل کو نہیں ہوا تھا۔ بہرکیف، ہماری نوجوان نسل بےپناہ صلاحیتوں کی مالک ہے۔ وہ کچھ کر گزرنا چاہتی ہیں اور حکومت کو اس کی صلاحیتوں کو ضائع ہونے سے بچانے، بروئےکار لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔
اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بےروزگاری، قدم قدم پر ہونے والی ناانصافیاں اور میرٹ کا قتل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ چند برسوں میں لاکھوں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہُنر مند پاکستانی نوجوان بیرونِ مُلک منتقل ہوگئے۔ واضح رہے، اگر نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو قومی مفاد میں فوری طور پر بروئےکارلانے کے اقدامات نہ کیے گئے، تو یہی نوجوان ملک و قوم کے لیے ایک بڑا مسئلہ بھی بن سکتے ہیں، جو یقیناً ہمارے لیے کسی المیے سے کم نہ ہوگا۔