• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اُمیدوں، خوابوں کے ساتھ جعل سازی، ایک خاندان کا دُکھ نہیں، پورے معاشرے کے لیے تازیانہ ہے۔
اُمیدوں، خوابوں کے ساتھ جعل سازی، ایک خاندان کا دُکھ نہیں، پورے معاشرے کے لیے تازیانہ ہے۔

افشاں نوید

باپ کی فروخت کردہ زمین، ماں کے گروی رکھےزیور اور ایک بیٹی کا خواب! جب تعلیم، کام یابی اور بہتر مستقبل کی اُمید بھی جعل سازوں کے ہاتھوں محفوظ نہ رہے، تو دُکھ صرف ایک خاندان کا نہیں، پورے معاشرے کا بن جاتا ہے۔ پتا نہیں، ماں کا اپنا زیور تھا یا پائی پائی جوڑ کر، کمیٹیاں ڈال کر بیٹی کے لیے بنوایا تھا۔ ایک ماں، جب اپنی بیٹی کے لیے زیور بنواتی ہے تو اس کے تصوّر میں بیٹی کی شادی، اُس کا نیا گھر اور اگلی زندگی کے کئی خُوب صُورت سپنے ہوتے ہیں۔

ایک باپ، جب زمین خریدتا ہے تو اُس کے ساتھ اپنے بچّوں کے مستقبل کی امیدیں بھی وابستہ کرتا ہے۔ کبھی کبھی زندگی ایسے موڑ پر لے آتی ہے، جہاں یہی زیور گروی رکھنا پڑتا ہے، زمین فروخت کرنی پڑجاتی ہے کہ والدین، اپنے بچّوں کے خوابوں کی تعبیر کے لیے سب کچھ داؤ پر لگانے میں لمحہ بھر نہیں لگاتے۔ اسلام آباد کی طالبہ لائبہ اعجاز کی الم ناک موت کی خبر پڑھتے ذہن میں کئی منظر اُبھرتے رہے۔

اطلاعات کے مطابق، لائبہ انٹرنیشنل اسلامک یونی ورسٹی اسلام آباد سے فزکس میں گولڈ میڈلسٹ تھی۔ اُس کا خواب امریکا کی ہارورڈ یونی ورسٹی سے مزید تعلیم حاصل کرنا اور اپنے خاندان کے حالات بہتر بنانا تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق، بیرونِ ملک داخلے اور اسکالرشپ کے انتظامات کے نام پر ایک امیگریشن کنسلٹنٹ نے مبیّنہ طور پر ستّر لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی، جو تقریباً پچانوے ہزار سعودی ریال بنتی ہے۔ رقم کا انتظام کرنے کے لیے والد نے زمین فروخت کی اور والدہ کے زیورات گروی رکھوائے۔

بعد میں داخلے اور اسکالرشپ کی دستاویزات جعلی نکلیں۔ اور… اُس کے بعد لائبہ کی لاش اسلام آباد کے سیکٹر جی ٹین میں اتوار بازار کے قریب ایک درخت سے لٹکی ملی۔ خُودکشی کےپس منظر، تمام اسباب سے متعلق کوئی حتمی بات تو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کی جا سکتی ہے، لیکن…یہ خبر محض ایک نوجوان لڑکی کی ہلاکت کی خبر نہیں۔

اس کے پیچھے ایک خاندان کی بیش بہا قربانیوں، ایک بیٹی کی اُمیدوں، بیرونِ مُلک تعلیم کے لیے بڑھتے معاشرتی دباؤ اور ایک ایسے کم زور نظام پرسنگین سوالات بھی موجود ہیں، جس میں دھوکا دہی، جعل سازی اتنی عام اورسہل ہوگئی ہے کہ ہر دوسرا شخص شکار ہورہا ہے اور ریاست کی کہیں کوئی رِٹ ہی نہیں۔ ایک باپ کی زمین گئی، ماں کا زیور گروی رکھاگیا، اور بیٹی تو دنیا ہی چھوڑ گئی۔ کیا اس خاندان کو دنیا کی کوئی بھی ریاست یا عدالت انصاف دے سکتی ہے؟

کام یابی کی دوڑ، والدین کی قربانیاں: دراصل ہم نے اپنے بچّوں کی تربیت کرتے ہوئے اُن کے ذہنوں میں کام یابی کا ایک خاص تصوّرراسخ کردیا ہے۔ اچھے نمبرز، نمایاں پوزیشن، معروف یونی ورسٹی، بیرونِ مُلک اسکالرشپ، اچھی ملازمت اور آسودہ زندگی! بلاشبہ تعلیم انسان کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہے، اور بچّوں کے بہتر مستقبل کی خواہش ہر والدین کا فطری حق ہے، لیکن مسئلہ اُس وقت ہوتا ہے، جب کام یابی کے چند مخصوص راستوں ہی کو کام یابی کا معیار مان لیا جائے۔

ہمارے ہاں کتنے ہی والدین بچّوں کی تعلیم کے لیے اپنی استطاعت سے بڑھ کر خرچ کرتے ہیں۔ کوئی اپنا گھر فروخت کرنے پرآمادہ ہو جاتا ہے، کوئی قرض لیتا ہے، کوئی برسوں کی جمع پونجی لٹا دیتاہے۔ مائیں خواہشات تج دیتی ہیں، باپ ضرورتیں مؤخر کر دیتے ہیں، اور بچّوں کو احساس بھی نہیں ہوتا کہ اُن کے بہتر مستقبل کی تعمیر میں والدین اپنے آج کی کتنی خوشیاں قربان کر رہے ہیں۔

اس قربانی میں کوئی برائی نہیں، والدین کی محبّت کا حُسن ہی یہی ہے کہ وہ اپنی اولاد کے لیے بہتر سے بہتر چاہتے ہیں۔ لیکن کیا ہمارے معاشرے میں بچّوں کو کام یابی کے ساتھ ناکامی کا سامنا کرنا بھی سکھایا جاتا ہے؟ کیا اُنہیں بتایا جاتا ہے کہ ہر خواہش پوری نہیں ہوتی، ہر کوشش فوری نتیجہ نہیں دیتی، اور زندگی میں ایک راستہ بند ہوجائے تو دوسرے راستے بھی موجود ہوتے ہیں۔

ہم بچّوں کو آگے بڑھنے کی ترغیب تو دیتے ہیں، مگر کبھی کبھی اَن جانے میں ان پر یہ بوجھ بھی ڈال دیتے ہیں کہ اگر وہ کسی بڑے ادارے میں داخلہ نہ لے سکے، بیرونِ مُلک نہ جاسکے یا کسی خاص مقام تک نہ پہنچ سکے تو گویا ان کی ساری محنت بےمعنی ہوگئی۔ یہ طرزِفکر بچّوں کو کام یابی کے لیے محنت کرنا تو سکھاتا ہے، لیکن ناکامی کے بعد خُود کو سنبھالنےکا ہنر نہیں دیتا۔ ہمیں اپنے بچّوں کو بڑے خواب دیکھنے سے نہیں روکنا چاہیے۔

اُنہیں دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کرنےکی کوشش کرنی چاہیے، آگے بڑھنے کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ مگرساتھ ہی یہ یقین بھی ہونا چاہیے کہ اُن کی قدرکسی ڈگری، عہدے یا غیر مُلکی یونی ورسٹی سے مشروط نہیں۔ ایک انسان کی زندگی کسی ایک امتحان، ایک داخلے یا ایک اسکالرشپ سے کہیں قیمتی ہے۔ خواب ٹوٹ جائیں تو زندگی ختم نہیں ہوتی، لیکن بچّوں کو یہ بات صرف نصیحت سے نہیں، اپنے رویّوں سے بھی سمجھانا ہوگی۔

بیرونِ مُلک تعلیم، ملازمت کا خواب، اور ریاست کی ذمّے داری: بیرونِ مُلک تعلیم حاصل کرنے کا رجحان نیا نہیں، لیکن اب یہ محض ایک خواہش نہیں رہی۔ بہت سے خاندان اسے بہتر روزگار، معاشی استحکام اور بچّوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت سمجھنے لگے ہیں۔ مُلک میں بڑھتی منہگائی، روزگار کے محدود مواقع اور مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتِ حال نے والدین کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ اُن کے بچّوں کے لیے بہتر امکانات کہیں اور موجود ہیں، اپنے وطن میں نہیں۔

خواہش اپنی جگہ قابلِ فہم ہے، لیکن جب خواہش شدید ، معلومات محدود اور متعلقہ نظام پر اعتماد کم ہو تو جعل سازوں کے لیے راستے کھل جاتے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں داخلے، اسکالرشپ، ویزے اور امیگریشن کے نام پر کام کرنے والے تمام افراد یا اداروں کو ایک ہی نظر سے دیکھنا درست نہیں۔ بہت سے لوگ جائز، پیشہ ورانہ خدمات بھی فراہم کررہے ہیں۔ تاہم ضرورت اس امرکی ہے کہ یہ جاننا آسان ہو کہ کون سا ادارہ قانونی طور پر کام کررہا ہے، کس کی خدمات قابلِ اعتماد ہیں اور کسی بڑی رقم کی ادائی سے پہلے دستاویزات کی تصدیق کہاں سےکروائی جاسکتی ہے۔

ایک عام خاندان کے لیے پچاس یا ستّر لاکھ روپے معمولی رقم نہیں ہوتی۔ یہ کسی کی پوری زندگی کی بچت ہوسکتی ہے، کسی خاندان کے گھر کی قیمت، کسی باپ کی برسوں کی محنت یا کئی بہن بھائیوں کے مشترکہ مستقبل کا سرمایہ۔ جب یہ رقم دھوکے سے ہتھیا لی جائے تو نقصان صرف مالی نہیں ہوتا، خاندان کے اعتماد، امیدوں اور باہمی تعلقات پر بھی گہرا اثر پڑتا ہے۔ ایسے معاملات میں صرف یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ لوگوں کو محتاط رہنا چاہیے۔

احتیاط یقیناً ضروری ہے، لیکن شہریوں کے تحفّظ کے لیے مؤثر نگرانی اور جواب دہی کا نظام بھی لازم ہے۔اگر کوئی شخص جعلی دستاویزات کے ذریعے لوگوں سے بھاری رقوم وصول کرتا ہے تو اس کی بروقت نشان دہی کیوں نہیں ہو سکتی؟ اگر کسی کنسلٹنسی کے خلاف شکایات سامنے آتی ہیں تو تحقیقات کا قابلِ اعتماد طریقہ کیا ہے؟ اگر شہری دھوکا کھا جائے تو فوری قانونی رہنمائی، داد رسی کہاں سے ہوگی؟ یہ سوالات لائبہ کے واقعے سے آگے جاتے ہیں۔

یہ اُن تمام نوجوانوں اور خاندانوں کے تحفّظ کا معاملہ ہے، جو بہتر مستقبل کی اُمید میں اپنی جمع پونجی خرچ کرتے ہیں۔ آخر ہمارا نظام کہاں ہے؟ ہم کہتے ہیں کہ لوگوں کو خود بھی سمجھ دار ہونا چاہیے، ہر کسی پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے، رقم دینے سے پہلے تصدیق کرنی چاہیے۔ سب باتیں درست، لیکن کیا اس ضمن میں ریاست کی ذمّےداریاں نظر انداز کی جاسکتی ہیں؟ ایک شخص بیرونِ مُلک تعلیم کے نام پر لاکھوں روپے وصول کرتا ہے۔

متاثرہ خاندان کو بظاہر سب کچھ قانونی اور قابلِ اعتماد دکھائی دیتا ہے، پھر دستاویزات جعلی نکلتی ہیں اور خاندان کواحساس ہوتا ہےکہ اُس کی تو زندگی بھر کی کمائی لُٹ گئی۔ اب اُسے پولیس، متعلقہ محکموں اور قانونی کارروائی کے مراحل سے گزرنا ہے۔ کیا اس کے لیے ایسا کوئی آسان اور مؤثر نظام موجود ہے، جو اُسے بروقت رہنمائی فراہم کرسکے؟ ہمارے ہاں عام شہری کو جائز کاموں کے لیے بھی دشواریوں، رشوتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کسی دفتر میں فائل آگے بڑھوانی ہو، مسئلے کی شکایت درج کروانی ہو یا اپنے حق کے لیے متعلقہ ادارے تک پہنچنا ہو، اکثر سفارش، واقف کار تلاش کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے، تو جب جائز کام کے لیے بھی عام آدمی خود کو اس قدر بےبس محسوس کرے تو فراڈ کا شکار ہونے کے بعد اس کی پریشانی کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔

واضح رہے، ریاست کا کام صرف قوانین بنانا نہیں، شہریوں کو یہ احساس دلانا بھی ہے کہ مشکل وقت میں وہ تنہا نہیں۔ شہری ٹیکس ادا کرتا ہے، قانون کی پابندی کرتا ہے اور اپنے بچّوں کے بہترمستقبل کے لیے محنت کرتا ہے۔ بدلے میں اُسے تحفظ، انصاف اور بنیادی سہولتوں تک رسائی کی توقع رکھنے کا حق ہے۔ اگر ایک عام شہری اپنی جمع پونجی لٹ جانے کے بعد بھی انصاف کےحصول کے لیے دربدر ہو، تو اُسے نظام پر اعتماد کیسے ہوگا؟ ’’نوٹس لینے‘‘ سےآ گے بھی تو کچھ کرنا ہوتا ہے۔

لائبہ کیس کے بعد وزیرِاعظم کی جانب سے نوٹس لینے، فراڈ میں ملوّث شخص کے خلاف کارروائی کی ہدایات کی خبریں سامنے آئیں۔ یہ ضروری پیش رفت سہی، لیکن کسی معاملے کا نوٹس لینا اور اسےمنطقی انجام تک پہنچانا دو مختلف باتیں ہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ تحقیقات کا نتیجہ کیا نکلتا ہے؟ کیا فراڈ میں ملوّث افراد کو قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جائے گا؟ کیا متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے عملی مدد ملے گی؟ اور کیا اس واقعے کے بعد ایسے تمام معاملات کی روک تھام کے لیے کوئی مؤثر قدم اٹھایا جائے گا؟

ان سوالات کے جواب کے لیے شفّاف تحقیقات، قانونی کارروائی اور نتائج عوام کے سامنے لانا ضروری ہیں۔ ہمیں ایک ایسا مضبوط نظام درکار ہے، جس کے تحت بیرونِ مُلک تعلیم کے خواہش مند طلبہ داخلے اور اسکالرشپ کے دعووں کی تصدیق کرسکیں، متعلقہ کنسلٹنسی کی قانونی حیثیت جان سکیں اور مشکوک معاملات کی شکایت کے لیے کسی پیچیدہ اور طویل طریقۂ کار میں نہ الجھیں۔ 

شکایت درج ہونے کے بعد اُس پر پیش رفت کی اَپ ڈیٹ اور بروقت کارروائی کی سہولت موجود ہونی چاہیے۔ اگر کسی نے دھوکا دیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی محض ایک خاندان کے لیے انصاف نہیں ہوگی، دوسرے خاندانوں کے تحفّظ کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ ہمیں ہر سانحے کے بعد صرف مجرم تلاش نہیں کرنا، اُن راستوں کو بھی بند کرنا ہے، جن پر چل کر مجرم اتنا زورآور ہوا۔

سوشل میڈیا کا شور اور اصل زندگی کے سوال: ایک پاکستانی طالبہ کےمحض حصولِ علم کے خواب کی اتنی بھاری قیمت کی خبر سرحدوں سے باہر پہنچی، تو انصاف کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔ اس واقعے کو سعودی میڈیا نے بھی جگہ دی، لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ ہمارے اپنے معاشرے میں ایسے واقعات کے بعد ہونے والےسارے بحث مباحثےکا انجام کیا ہوتا ہے۔

کسی الم ناک واقعےکی خبرآتی ہے، سوشل میڈیا پرغم وغصّے کا ایک طوفان آجاتا ہے۔ لوگ مذمّت، حصولِ انصاف اور ذمّے داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، لیکن پھر کچھ دن بعد کوئی دوسری خبر توجّہ حاصل کرلیتی ہے اور پہلی خبراجتماعی یادداشت سے نکل جاتی ہے۔ لیکن جس گھر میں سانحہ پیش آیا ہو، اُس کے لیے خبر چند دن بعد غیراہم نہیں ہوتی۔ اس کی تو پوری زندگی ہی بدل جاتی ہے۔ اس کے سوال اپنی جگہ موجود رہتے ہیں۔ اُسے اپنے نقصان اور شدید دُکھ کے ساتھ ہی جینا ہوتا ہے۔

اس لیے لائبہ کا معاملہ صرف ایک وائرل پوسٹ نہیں بننا چاہیے۔ اس کی تحقیقات کا نتیجہ کیا نکلا، فراڈ کے خلاف کیا کارروائی ہوئی اورایسے واقعات کی روک تھام کے کیا اقدامات کیے گئے، ان سوالات کا پیچھا کرناضروری ہے۔ سوشل میڈیا آواز بلند کرنے کا ذریعہ ضرور ہے، مگر انصاف کی جگہ نہیں لے سکتا۔ اصل تبدیلی اُس وقت آئے گی، جب عوامی غم و غصّہ اداروں کی جواب دہی، قانونی اصلاحات اور عملی اقدامات تک پہنچےگا۔

یہاں ہمارا ماؤں سے بھی ایک سوال ہے، ہم بچّوں کو زندگی میں آگے بڑھنےکی ترغیب دیتے ہیں، لیکن کیا ہم ان کی جذباتی ضروریات کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ کیا ہمارے گھروں کا ماحول ایسا ہے، جہاں بچّہ اپنی ناکامی کا ذکر کسی خوف کے بغیر کر سکے؟ وہ اپنے والدین کو بتاسکتا ہے کہ اس کا داخلہ نہیں ہوا، امتحان خراب ہوگیا، مطلوبہ اسکالرشپ نہیں ملی یا اس کاخواب پورا نہیں ہوسکا؟ یہ سوال صرف لائبہ کے خاندان سے نہیں، ہم سب سے ہے۔

کسی ایک واقعے کی بنیاد پر کسی خاندان کے رویّوں یا فرد کی کیفیت کے متعلق فیصلہ صادر نہیں کیا جاسکتا، لیکن یہ واقعہ ہمیں اپنی تربیت، توقعات اور بچّوں کے ساتھ اپنے تعلقات پرغور کرنے کا درس ضرور دیتا ہے۔ ہمیں اپنے بچّوں کو یقین دلانا ہوگا کہ اُن کی ناکامی ہماری محبّت کم نہیں کرے گی۔ ان کے خواب، منزلیں تبدیل ہوسکتی ہیں، کوششوں کو نتیجہ حاصل کرنے میں وقت لگ سکتا ہے، مگران کی جان ہمارے لیے ہرکام یابی سے زیادہ قیمتی ہے۔

بچّوں کو سکھانا ہوگا کہ بڑے فیصلوں میں جلدبازی نہ کریں۔ مالی معاملات میں تصدیق لازم ہے اور کسی بھی مشکل صُورتِ حال میں والدین، اساتذہ یا قابلِ اعتماد افراد سے بات کریں، اور یہ ذمّےداری صرف والدین کی نہیں، تعلیمی اداروں، معاشرے اور ریاست کو بھی نوجوانوں کے لیے ایسے مواقع، سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں، جہاں وہ ناکامی کے بعد دوبارہ کوشش کر سکیں، متبادل راستے تلاش کرسکیں اور کسی ایک نتیجے کو زندگی کا آخری فیصلہ نہ سمجھ بیٹھیں۔

ایک خاندان کا دُکھ، پورے معاشرے کا امتحان: والدین بچّوں کی تعلیم پرجب اپنی استطاعت سے بڑھ کرخرچ کرتے ہیں، تو انھیں صرف ڈگریز درکار نہیں ہوتیں، وہ دراصل بچّوں کے بہتر مستقبل کے لیے سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچّے ان سے بہتر زندگی گزاریں، اُنہیں وہ مشکلات نہ دیکھنی پڑیں، جن سے وہ خود گزرے۔ ان کی محنت اگلی نسل کے لیے آسانیاں پیدا کرے اور اگریہ امید ہی جعل سازی کی شکار ہوجائے تو یہ صرف ایک خاندان کی مالی تباہی نہیں، معاشرے کے اعتماد پر بھی ضرب ہے۔

ہمیں اپنے بچّوں کو سکھانا ہوگا کہ تعلیم کا مقصد صرف بڑا عہدہ، زیادہ آمدنی یا کسی مشہور ادارے کا نام نہیں۔ تعلیم انسان کو بہتر سوچ، بہتر کردار اور بہتر زندگی کی طرف لے جانے کا ذریعہ ہے۔ ہمیں اُنہیں یہ بھی بتانا ہوگا کہ بیرونِ ملک جانا ہی کام یابی نہیں، اپنے وطن میں رہ کر باعزت زندگی گزارنا بڑی کام یابی ہے، لیکن ساتھ ہی ریاست کو بھی ثابت کرنا ہوگا کہ یہاں محنت کرنے، خواب دیکھنے اور قربانیاں دینے والوں کو دھوکے بازوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔

اس اندوہ ناک واقعے کو بیرونِ مُلک تعلیم کے نام پر ہونے والے فراڈز کی روک تھام کے لیے ایک سنجیدہ موقع بننا چاہیے۔ ہمیں ایک ایسا معاشرہ چاہیے، جہاں والدین بچّوں کے خوابوں کے لیے قربانیاں ضرور دیں، مگر جعل سازوں کے ہتھے نہ چڑھیں۔ نوجوانوں کو کام یابی کے مواقع ملیں، مگر ناکامی کی صُورت میں بھی ان کے سامنے زندگی کے دروازے کھلے رہیں اور حصولِ انصاف کسی سفارش، اثرورسوخ یا سوشل میڈیا کے شور کا محتاج نہ ہو۔

لائبہ کے لیےانصاف کا مطالبہ صرف ایک خاندان کے دُکھ میں شرکت نہیں، یہ اُن تمام بیٹیوں، بیٹوں اور والدین کے لیے آواز اٹھانا ہے کہ جو اپنے بچّوں کے بہتر مستقبل کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ اس واقعے کے بعد نظام میں کیا تبدیلی آئی۔ ضروری یہ ہے کہ کسی اورخاندان کی عُمربھر کی پونجی لٹے، نہ کسی اور نوجوان کی اُمیدیں، خواب خودکشی کی نذر ہوں۔ آخرہم کب تک صرف نوحے لکھتے، سوگ مناتے، لکیر پیٹتے، مگر سدِباب سے گریز کرتے رہیں گے۔

سنڈے میگزین سے مزید