• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی اقتدار کیلئے سمجھوتہ نہیں کرتی، گورنر راج لالچ کے تحت نہیں لگایا، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کسی لالچ کے تحت گورنر راج نہیں لگایا گیا ہے، پیپلز پارٹی اقتدار کے لیے سمجھوتہ نہیں کرتی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو کئی بار کہا کہ وہ اپنا طرز عمل ٹھیک کریں لیکن وہ تیار نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی ہے تو حکومت اس سے لڑ رہی ہے، بلوچستان کا وزیر اعلیٰ کالعدم بی ایل اے سے بات کرنے کی بات نہیں کرتا۔

سینئر وزیر سندھ نے مزید کہا کہ کے پی میں کسی لالچ میں گورنر راج نہیں لگایا گیا، وہاں کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پہلی حکومت دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو فنڈنگ کرتی رہی، کراچی میں دہشت گردی پر رینجرز کے ذریعے قابو پایا۔

شرجیل میمن نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مولانا صاحب کو دیکھنا چاہیے کہ ملک اس وقت کن چیلنجز سے گزر رہا ہے، شہدا کا احترام ہم سب پر فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب کو اس وقت دہشت گردوں کیخلاف حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہئیں، ملک میں دہشت گردی کی سب سے بڑی واردات پیپلز پارٹی کے جلسے پر حملہ تھا۔

سینئر وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج ہاں کرے تو وفاقی وزارتیں مل سکتی ہیں، کے پی میں گورنر پہلے بھی پیپلز پارٹی کا تھا آج بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اقتدار کے لیے سمجھوتہ نہیں کرتی، وفاقی حکومت کی آفرز پہلے بھی تھیں اور اب بھی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید