• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جان بوجھ کر ایسے گانے تخلیق کرتی ہوں جن کا مذاق بنایا جائے: نیہا ککڑ

نیہا ککڑ—فائل فوٹو
نیہا ککڑ—فائل فوٹو

بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے انکشاف کیا ہے کہ میں جان بوجھ کر ایسے گانے تخلیق کرتی ہوں جو تنقید اور سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بنتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس اپنے گانے ’کینڈی شاپ‘ کی ریلیز کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنے والی گلوکارہ نے اب ایسے گانے بنانے کی وجہ بھی بتا دی ہے۔

38 سالہ نیہا ککڑ کو اپنے گانوں کی وجہ سے اکثر سوشل میڈیا پر تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے اداکارہ کرینہ کپور خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ میرے گانوں پر بھرپور انداز میں رقص کرتے ہیں۔

گلوکارہ نے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ اب تک ہمیں معلوم ہو چکا ہے کہ بارہ لڑکے ساتھ گھومے جیسے گانے بنانے پر لوگ ہمیں ٹرول کریں گے لیکن سچ یہ ہے کہ ہم جان بوجھ کر ایسے گانے بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ گانے اس لیے بناتے ہیں کیونکہ لوگ ان پر دیوانہ وار رقص کرتے ہیں۔

گلوکارہ نے کہا کہ یہی وہ گانے ہیں جنہیں ہمیں تنقید کا نشانہ بنانے والے لوگ اپنی پارٹیوں میں چلاتے ہیں اور دوسری طرف ان ویڈیوز سے ویوز بھی حاصل کرتے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں ٹرول کیا جائے گا لیکن یہ بھی پتہ ہے کہ لوگ ان گانوں پر رقص ضرور کریں گے، اسی لیے ہم ایسے گانے بناتے رہتے ہیں۔

اس سے قبل دسمبر 2025ء میں نیہا ککڑ کو اپنے گانے ’کینڈی شاپ‘ کی ریلیز کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، انہوں نے یہ گانا اپنے بھائی ٹونی ککڑ کے ساتھ مل کر تخلیق کیا اور خود اسے گایا بھی تھا۔

شائقین نے گانے کے بول ناپسندیدہ اور غیر شائستہ قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کی تھی، جبکہ بعض افراد نے نیہا پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے کے پاپ (K-pop) موسیقی کے انداز اور جمالیاتی عناصر کی نقل کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔

دوسری جانب تنقید کے باوجود نیہا ککڑ سوشل میڈیا پر بھارت کی مقبول ترین گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 7 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید