• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جائیداد تنازع پر خاتون کا قتل، سپریم کورٹ نے مجرم کی اپیلیں خارج کر دیں

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

سپریم کورٹ نے جائیداد کے تنازع پر خاتون کو قتل کرنے والے مجرم اظہر کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے جس کے تحت مجرم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا گیا تھا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے مقدمے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ 

عدالتی فیصلے کے مطابق استغاثہ کے 2 گواہوں میں ایک مقتولہ کا بیٹا اور دوسرا اس کا بہنوئی تھا، گواہوں کے بیانات اور طبی شواہد میں زخموں کی تعداد کے حوالے سے فرق پایا گیا۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ خوف اور دہشت کی کیفیت میں انسانی حواس اور مشاہدے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، طبی اور چشم دید گواہی میں معمولی فرق بیان کی سچائی کو متاثر نہیں کرتا، گواہوں سے ہر لمحے کی انتہائی باریک اور لمحہ بہ لمحہ درست تفصیلات کی توقع رکھنا غیر فطری ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہر شخص اچانک پیش آنے والی صدمہ انگیز صورت حال میں مختلف انداز سے ردِعمل ظاہر کرتا ہے، خوف کے عالم میں فائر کی گئی گولیوں کی درست تعداد یاد رکھنا انسانی صلاحیت سے باہر ہو سکتا ہے۔

مقدمے کے مطابق مجرم اظہر نے 2017ء میں جائیداد کے تنازع پر گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کی اور خاتون کو قتل کر دیا تھا، ٹرائل کورٹ نے مجرم کو سزائے موت سنائی تھی جبکہ شریک ملزم کو بری کر دیا تھا۔ 

بعد ازاں ہائی کورٹ نے مجرم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا جسے سپریم کورٹ نے برقرار رکھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید